وزیر تجارت پرویز ملک سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات ،باہمی تجارت پر غور
لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزہبی نے ملاقات کی جس میں باہمی تجارت پر غور کیا گیا ۔ اس کے ساتھ ملاقات میں دبئی ایکسپو میں پاکستان کی شرکت پر غور کیا گیا۔ پرویز ملک نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان ملاقات اور تعلقات میں اضافہ کیا جائے ،متحدہ عرب امارات میں کئی منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت فراہم کر سکتے ہیں ،دونوں ممالک کو باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے باہمی تجارت معاہدے کرنے چاہئیں ۔اس موقع پر سفیر متحدہ عرب امارات حماد عبید ابراہیم سلیم الزہبی نے کہا کہ دبئی نمائش میں 80سے زائد ممالک نے حصہ لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں ،دونوں ممالک کو کئی دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات کو سٹریٹجک تعلقات میں بدلنا چاہئے ۔