لیسکو میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ ترجمان لیسکو

لیسکو میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ ترجمان لیسکو

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ لاہور سمیت لیسکو ریجن کے کسی بھی حصے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔لیسکو ترجمان نے روزنامہ دنیا میں مورخہ 20مارچ کو شائع ہونے والے خبر بالعنوان ''گرمی آئی لوڈ شیڈنگ لائی,بجلی کی آنکھ مچولی مزید بڑھنے کے خدشات''پر اپنا ردعمل بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبار میں شائع ہونے والی یہ خبر حقائق کے بالکل برعکس ہے اور اس حوالے سے لیسکو ترجمان کا موقف نہیں لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق لیسکو کے کل 1719فیڈروں میں سے 1231فیڈرزپر زیرو لوڈ شیڈنگ ہے جبکہ بجلی کی وافر مقدار میں موجودگی کے باوجود کل 488 فیڈرز جہاں نقصانات حد سے ذیادہ ہیں وہاں طے شدہ اوقات کار کے مطابق لوڈ شیڈنگ کرنا پڑ رہی ہے۔ترجمان کے مطابق گورنمنٹ رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اسی ضمن میں گزشتہ ہفتے سیکرٹری برائے توانائی یوسف نسیم کھوکھر کی سربراہی میں لیسکو ہیڈ کوارٹر میں تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کا اجلاس بھی ہوا۔

جس میں موسم گرما کے دوران پاور جنریشن کے مطابق بجلی کی سپلائی اور ذیادہ نقصانات والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ اور انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی سمیت دیگر اہم امور زیرِ غور آئے ۔

مزید : کامرس