صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو میں 6.3فیصد اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال 2017۔18ء کے پہلے 7ماہ کے دوران بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ (ایل ایس ایم) کی شرح نمو 6.3 فیصد تک بڑھ گئی ،جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران شعبہ کی شرح ترقی 3.45 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔منگل کو میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا کہ بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح ترقی میں اضافہ کا بنیادی سبب ماہ جنوری 2018ء کے دوران شوگر اور سگریٹ انڈسٹری کی کارکردگی میں ہونے والا نمایاں اضافہ ہے۔رپورٹ کے مطابق جنوری کے دوران چینی کی صنعت کی شرح نمو میں 17.6 فیصد کا اضافہ ہوا اور اس دوران 1.7 ملین ٹن چینی کی پیداوار حاصل کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب سگریٹ کی صنعت کی شرح نمو میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جاری مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کے شعبہ کی شرح نمو 9.5 فیصد، سیمنٹ کی صنعت 12.1 فیصد اور کاروں، جیپوں کی پیداوار میں 25.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔