پاکستان کے نجی ادارہ نے چاول کا ھائبرڈ بیج تیار کر لیا

پاکستان کے نجی ادارہ نے چاول کا ھائبرڈ بیج تیار کر لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان اور چین کے نجی شعبہ کے سائنسدانوں کی بیس سال کی مشترکہ تحقیق کے بعد پاکستان کے ایک نجی ادارہ نے چاول کا ھائبرڈ بیج تیار کر لیا ہے یہ بیج مقامی استعمال اور بین الاقوامی طور پر برآمدی مقاصد کیلئے تیا رکیا گیا ہے یہ بیج مقامی استعمال میں نمایا ں پیداوار کے حامل چاول کے ھائبرڈ بیج کی برآمد کے ساتھ اگلے ماہ اعلیٰ پائے کی زرعی تحقیق کرنے والے ملکوں کی کلب میں شامل ہو جائے گا۔جبکہ تجارتی ضوابط کی منظوری کے مختلف مراحل کے بعد فلپائن کوپہلی کنسائنمنٹ کی آئندہ ماہ متوقع برآمد سے پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ چاول کا ہائبرڈ بیج برآمد کیا جائے گا۔یہ بات گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہزاد علی ملک نے گزشتہ روز بتائی ابتدائی طور پر 100ٹن بیج برآمد ہوگا۔
جو کہ تقریبا 15ہزار ایکڑ زمین کاشت کرنے کیلئے کافی ہو گا۔ چونکہ یہ بیج سخت موسمی حالات میں سندھ کے ساحلی علاقوں میں تیار کیا گیا ہے اس لئے اس کی فلپائن کے علاوہ بعد ازاں چین اور دوسرے مشرق بعیدکے ایشیائی ملکوں میں بھی تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ زرعی تحقیق میں یہ تاریخ ساز کامیابی پاکستان میں نجی شعبہ کے سائنس دانوں کی چین کے ساتھ تقریبا دو دہائیوں پر مشتمل بے مثال شراکت کے باعث ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے گرم موسم اور پانی کی کمی سے نبٹنے کی صلاحیت کے حامل بیج کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں چاول کی بہترین پیداواری صلاحیت کے حامل ہائبرڈ بیج کی کامیاب کاشت ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ چین کے اشتراک سے ہائبرڈ چاول کی سندھ کے علاقوں میں کاشت کے علاوہ اب ان کے ادارہ نے متعدد نئی اقسام پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی نمایاں کامیابی سے کاشت کی ہیں۔ جس سے وسطی اور جنوبی پنجاب کے دیہی علاقوں میں کم لاگت سے چاول کی پیداوار بڑھاکر کسان کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کے ساتھ بیج برآمد کر کے مزید قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے گا۔

مزید :

کامرس -