شیروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،خالد عیاض خان

شیروں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،خالد عیاض خان

لاہور( لیڈی رپورٹر)لاہور چڑیاگھر میں بلڈ پیراسائیٹ کی بیماری سے شیروں کومحفوظ رکھنے کیلئے صوبے بھر کے ویٹرنری ماہرین کا اسی ہفتے سیمینار بلایا جائے اور انکی سفارشات کی روشنی میں چڑیاگھروں میں موجود شیروں /بگ کیٹس کو بلڈ پیراسائیٹ کے حملے سے بچانے کیلئے مزید موثر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔اس امر کا فیصلہ لاہور چڑیاگھر میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیاگیاجس میں ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ سیل عامر مسعود ، ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر حسن علی سکھیرا ، ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر تنو یراحمد جنجوعہ ، سینئر ویٹرنری افسر لاہور چڑیا گھر ڈاکٹر رضوان اور ایجوکیشن آفیسر کرن سلیم بھی موجود تھیں ۔ ڈی جی وائلڈلائف نے کہا کہ سیمینارمیں یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز ،رفاہ یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی شعبہ زوالوجی ویٹرنری ماہرین کو مدعو کیا جائے تاکہ تمام ماہرین مل بیٹھ کر فیصلہ کریں کہ اس لاعلاج مرض کے سلسلے میں کون سی حکمت عملی اورطریقہ علاج تجویز کیا جائے ۔ خالد عیاض خان نے کہا بگ کیٹس کے بلڈ پیراسائٹ سے متاثر ہونے کی وجہ کی تلاش کی جائے اور اگریہ کیرےئر تھے تو انہیں یہ مرض کہاں سے لاحق ہوا ۔انہوں نے کہا کہ ماہرین سے اس حوالے سے مکمل معلومات حاصل کرکے چڑیاگھر میں موجود شیروں کو محفوظ رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر کو مزید موثر بنایا جائے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1