بیگم محمد علی جوہر نے ہندوستان کی خواتین کو بیدار کیا،پروفیسر آصفہ اقبال

بیگم محمد علی جوہر نے ہندوستان کی خواتین کو بیدار کیا،پروفیسر آصفہ اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) بیگم محمد علی جوہر کا سب سے بڑا کارنامہ بی اماں کے ساتھ مل کر ہندوستان کی خواتین میں سیاسی بیداری پیدا کرنا تھا۔ 1940ء میں مسلم لیگ کے تاریخی اجلاس جس میں قرارداد لاہور پیش ہوئی تھی‘ بیگم مولانا محمد علی نے سرگرم حصہ لیا۔ وہ برصغیر کی واحد خاتون رہنما تھیں جنہوں نے اس قرارداد کی تائید کی۔ وہ مسلم لیگ میں دل و جان سے شریک رہیں اور مولانا محمد علی جوہرکی قومی خدمات کے تسلسل کو جاری رکھا۔ ان خیالات کااظہار پروفیسرآصفہ اقبال نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں تحریک پاکستان کی ممتاز خاتون رہنما بیگم مولانا محمد علی جوہر کے یوم وفات کے موقع پران کی حیات وخدمات سے آگہی دینے کیلئے منعقدہ خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔پروفیسرآصفہ اقبال نے کہا کہ بیگم مولانا محمد علی جوہر کا نام امجدی بانو تھا۔ وہ رام پور کے ایک معزز خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔1902ء میں سترہ سال کی عمر میں امجدی بانو کی شادی مولانا محمد علی سے ہو گئی ۔ مولانا محمد علی جوہر بڑے ذہین اور قابل شخصیت کے مالک تھے۔ امجدی بانو اپنے شوہر کی ہر آزمائش میں ان کے ساتھ رہیں۔ انہوں نے سیاست میں بھی سرگرم حصہ لیا۔ 1917ء کے مسلم لیگ کے سالانہ جلسہ میں شریک ہوئیں۔ انہوں نے نہ صرف خواتین بلکہ مردوں میں بھی سیاسی شعور پیدا کیا اور عوام میں جذبۂ آزای کا ایسا سیلاب برپا کیا جس کی لہروں میں برطانوی سامراج‘ خس و خاشاک کی طرح بہہ گیا۔ آپ کو 1920ء میں آل انڈیا خلافت خواتین کمیٹی کا سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ اس دوران تحریک خلافت کے لیے بی اماں اور بیگم محمد علی جوہر نے چالیس‘ پینتالیس لاکھ روپے کی رقم جمع کی۔ 1930ء میں وہ اپنے شوہر مولانا محمد علی جوہر کے ساتھ لندن گول میز کانفرنس میں شریک ہوئیں۔ 1931ء میں مولانا محمد علی جوہر کے انتقال کے بعد بھی آپ ملکی سیاست میں سرگرم رہیں۔ آپ آل انڈیا مسلم لیگ کی مجلس عاملہ کی رکن منتخب ہوئیں۔ 1937ء میں مسلم لیگ کے یادگار اجلاس لکھنؤ کے موقع پر خواتین کا جلسہ ان کی زیر صدارت منعقد ہوا اور خواتین مسلم لیگ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ 1939ء میں مسلم لیگ خواتین کمیٹی قائم ہوئی تو اس کی صدارت بیگم مولانا محمد علی جوہر کے سپرد ہوئی۔ آل انڈیا مسلم لیگ کے تاریخی اجلاس منعقدہ لاہور کے موقع پر آل انڈیا خواتین مسلم لیگ کمیٹی کا سالانہ اجلاس 22 مارچ کو حبیبیہ ہال‘ اسلامیہ کالج لاہور میں منعقد ہوا۔ ہندوستان بھر کی ممتاز مسلمان خواتین شریک ہوئیں۔