اہلسنت جماعتوں کا اتحاد سیاست میں اہم کردار ادا کریگا،صاحبزادہ حامد رضا

اہلسنت جماعتوں کا اتحاد سیاست میں اہم کردار ادا کریگا،صاحبزادہ حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اہل سنت جماعتوں کا اتحاد انتخابی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صوفیاء کے ماننے والوں کی صف بندی شروع ہو گئی ہے۔ آئندہ الیکشن میں غلامان رسول غلامان امریکہ کو شکست دیں گے۔ قوم نظام مصطفے کے حامیوں کو ووٹ کی طاقت سے پارلیمنٹ میں پہنچائے گی۔ انتخابی معرکے میں کرپشن کے بت پاش پاش ہو جائیں گے۔ علماء و مشائخ نظام مصطفے متحدہ محاذ کے پلیٹ فارم پر متحد ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ انوار مدینہ میں اہل سنت جماعتوں کے گرینڈ الائنس ’’ نظام مصطفے متحدہ محاذ ‘‘ کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پانی کا بحران سنگین ہونے والا ہے۔ حکومت نے پانی کے بحران کو روکنے کے لئے پیشگی اقدامات نہ کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر آبی وسائل بڑھانے پر توجہ نہ دی گئی تو خشک سالی ہمارا مقدر بنے گی۔ قوم کے ساتھ جمہوریت کے نام پر ہونے والا سنگین اور شرمناک مذاق بند ہونا چایئے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے موثر اور یکساں احتساب ناگزیر ہے۔