پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو امریکا میں انتقال کر گئے

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو امریکا میں انتقال کر گئے

نیویارک(آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر ایاز سومرو طویل علالت کے بعد امریکا کی ریاست مین ہٹن کے اسپتال میں انتقال کر گئے، مرحوم کی عمر 59 برس تھی۔ منگل کو پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر ایاز سومرو امریکا میں انتقال کرگئے۔ وہ دل کے عارضے کے باعث مین ہٹن کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم لاڑکانہ سے متعدد بار قومی اور صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ایاز سومرو سندھ کے وزیر قانون بھی رہے۔ایاز سومرو طویل عرصے سے علیل تھے امریکہ کے اسپتال منتقل ہونے سے قبل وہ جناح اسپتال کراچی میں بھی زیر علاج رہے۔ وہ 2013 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر این اے 204 سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے۔ ان کی ولادت 31 دسمبر 1958 کو ہوئی اور وہ 59 برس کی عمر میں دنیا کو چھوڑ گئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے رکن قومی اسمبلی ایاز سومرو کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں آصف علی زرداری نے مرحوم محمد ایاز سومرو کی پارٹی کے لیئے خدمات اور پارٹی قیادت سے ثابت قدمی کے ساتھ وفاداری پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایاز سومرو نے پارٹی کی طلبہ تنظیم سے سیاست کا آغاز کیا وہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وفادار کارکن تھے۔ ایاز سومرو نے جنرل ضیاء کی آمریت کے دوران آئین اور جمہوریت کے لیئے جدوجہد کی اور قید کاٹی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ایاز سومرو کے انتقال پر پارٹی سوگوار ہے۔ آصف علی زرداری نے ایاز سومرو کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ غم کے ان لمحوں میں بھٹو خاندان اور پارٹی آپ کے ساتھ شریک غم ہے۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...