نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست تیار

نواز شریف کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی کی درخواست تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سعید چودھری )وفاقی وزارت قانون نے میاں محمد نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت کے لئے نااہل قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست تیار کرلی ہے،جسے دائر کرنے کے لئے وزیراعظم کے گرین سگنل کا انتظار ہے ۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت قانون نے نظر ثانی کی درخواست کی فیس بھی سپریم کورٹ میں جمع کروادی ہے جبکہ نظر ثانی کی درخواست کے بنیادی نکات تیار کرکے اٹارنی جنرل پاکستان کو بھجوا دیئے گئے ہیں ۔اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے کا معاملہ زیرغور ہے ،اٹارنی جنرل کی وطن واپسی کے بعد اس بابت حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری طرف وزارت قانون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤ س کی طرف سے بھی درخواست دائر کرنے کے حوالے سے دو چار روز انتظار کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔درخواست تیار ہے جو وزیراعظم کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی دائر کردی جائے گی۔چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار ،مسٹر جسٹس عمر عطاء بندیال اور مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ نے 21فروری2018ء کو مختلف درخواستوں کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کو مسلم لیگ(ن) کی صدارت کے لئے نااہل قراردے دیا تھا ۔سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017ء کے سیکشن 203،232اورآئین کے آرٹیکلز62،63اور63(اے)کی تشریح کرتے ہوئے قرار دیا تھا کہ پارلیمنٹ کی رکنیت کے لئے نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں ہوسکتا۔سپریم کورٹ نے 2مارچ 2018ء کو اس کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا ،اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے بھی تاحال نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے ،ان اطلاعات کی مسلم لیگ (ن) کے وکلاء نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک انہیں درخواست دائر کرنے کی بابت کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -