سعد رفیق ، سلمان رفیق ، مظفر رانجھا آج نیب میں طلب

سعد رفیق ، سلمان رفیق ، مظفر رانجھا آج نیب میں طلب

لاہور(خبرنگار) قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی صوبائی وزیر صحت سلمان رفیق ،ڈی جی اینٹی کرپشن مظفر علی رانجھا کو طلب کرلیا۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی ’’پیر اگون سوسائٹی ‘‘سے متعلق انکوائری کی جائے گی۔دوسری جانب نیب نے خواجہ سعد رفیق کو 22مارچ جبکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو بھی 26 مارچ کو طلب کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان رفیق کوپنجاب حکومت کی کمپنیز میں کرپشن کے حوالے حوالے سے پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا گیاہے۔ڈی جی اینٹی کرپشن کو اختیارات کے ناجائزاستعمال پرطلب کیا گیا ہے اور ان سے سوالات پوچھیں جائیں گے۔ دوسری طر ف نیب لاہور نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو باقاعدہ گرفتار کرلیا ہے بتایاگیا ہے کہ ان کی گرفتاری گزشتہ روز لاہور سے عمل میں آئی نیب لاہور کی تحقیقاٹی ٹیم نے آصف ہاشمی کو ملازمین کی غیر قانونی بھرتیوں ،170.6بلین روپے کی سرمایہ کاری میں کرپشن اور دیگر الزامات کے تحت چاریفرنسز میں گرفتار کیا ہے ۔

نیب میں طلبی

لاہور(خبرنگار) احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کرپشن کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 6 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 اپریل تک توسیع کردی جب کہ وزارت داخلہ نے احد چیمہ کو پاسپورٹ کیلئے بلیک لسٹ کردیا۔نیب نے سابق ڈی جی لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ اور شاہد شفیق کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا ۔دوران سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم احد چیمہ نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں ہیرا پھیری کی، اپنے خاندان کے افراد کو نوازا اور اپنے دور میں اختیارات سے تجاوز کیا جب کہ ملزم نے دوران حراست 49 کنال اراضی کا خود اقبال جرم بھی کیا۔سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے بہت بڑا مواد ملا ہے جس کی بنا پر مزید تفتیش درکار ہے۔سرکاری وکیل کے دلائل کے بعد نیب کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے احد چیمہ سمیت تمام 6 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کرتے ہوئے انہیں 4 اپریل تک نیب کے حوالے کردیا۔دوسری جانب وزارت داخلہ نے احد چیمہ کو آئندہ پاسپورٹ حاصل کرنے کیلئے بلیک لسٹ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے 7 دیگر شہریوں کو بھی آئندہ پاسپورٹ کے حصول کے لیے بلیک لسٹ کردیا۔دوسری طرف نیب لاہور نے پنجاب حکومت کے فلٹریشن پلانٹ منصوبے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں بتایاگیا ہے کہ اس سلسلے میں واسا حکام کو نیب لاہور کی جانب سے بھیجے گئے ایک مراسلہ میں کہاگیا ہے کہ فوری طور پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں لگائے جانے والے فلٹریشن پلانٹ پر آنے والے اخراجات منصوبے کی تفصیلات اور منصوبے کے ٹھیکہ جات سمیت منصوبے کی تشہیر پر دئیے گئے اشتہارات پر آنے والے اخراجات سے متعلق تفصیلات فراہم کی جائیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نیب لاہور نے فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے متعلق منصوبے کے حوالے سے محکمہ ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے بھی تمام ڈیٹا اور تفصیلات طلب کرلی ہیں اس حوالے سے واسا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور صاف پانی منصوبے کے بارے میں پہلے ہی تحقیقات کررہی ہے جبکہ فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے منصوبے میں بھی کروڑوں روپے کی مبینہ بے قاعدگیاں کی اطلاعات ہیں۔

احد چیمہ

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...