نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف ہی وزیراعظم بنیں گے: رانا محمد ارشد
لاہور(جاوید اقبال ) پنجاب اسمبلی میں چیف وہپ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و مشیر وزیراعلی پنجاب رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ 2018کے انتخابات میں مقابلہ اکیس کروڑ عوام کی ترقی کے دشمنوں عمران خان نیازی اور آصف علی زرداری کے ساتھ ہے مگر عوام کی مدد سے ن لیگ ہی مقابلہ جیتے گی اور 2018 میں نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف ہی وزیراعظم بنیں گے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان فورم میں اظہار خیال کررہے تھے۔ رانا محمد ارشد نے کہا کہ 2013کے انتخابات جیت کر مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کردئے ہیں، ملک سے پچانوے فیصد اندھیرے اور دہشت گردی کا خاتمہ کردیا ہے پانچ فیصد وعدے آئندہ انتخابات جیت کر میاں شہباز شریف پورے کردیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب وزیراعظم بنے تو ملک میں ہر طرف اندھیروں کا راج تھا، لوڈ شیڈنگ آخری حد پار کر چکی تھی گلی گلی دہشت گرد دندناتے پھرتے تھے جن کا انہوں نے کامیاب پالیسوں کے تحت بڑی حد تک خاتمہ کردیا، ن لیگ کی حکومت نے نئے پر اجیکٹس کے تحت دس ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرکے سسٹم میں شامل کی جن میں سے چھ ہزار میگا واٹ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب مین پاور پلانٹ لگا کر قومی گریڈ کو بجلی دی، اس کے مقابلے میں عمران خان نے کے پی کے میں تین سو ساٹھ بجلی کے پلانٹ لگانے کی قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران قوم کو نوید دی مگر پونے پانچ سال میں وہ ایک بھی پاور پلانٹ نہیں لگا سکے، لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں اگر سندھ کے پی کے بھی حصہ ڈالتے تو آج ملک میں حالات کچھ اور ہوتے، عمران اور زرداری سے عوام الیکشن میں حساب ضرور لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب میں ن لیگ کے خلاف جو سازشیں ہوئیں وہ ڈھکی چھپی نہیں ۔ ایک سازش کے تحت (ن) لیگ سے اس کا نشان چھینا گیا ، صادق سنجرانی کے گھر اکھٹے ہو کر عمران زرداری نے اکثریت کے خلاف سازش کی، مسلم لیگ کے خلاف سازشیں ساتھ ساتھ چل رہی ہیں مگر عوام اس کا جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ این اے 120میں کلثوم نواز کی جیت اور این اے 154میں ن لیگ کے امیدوار اقبال کے ہاتھوں ارب پتی جہانگیر ترین کی شکست نواز شریف کے بیانیہ کی تائید ہے۔ اس سال ہونے والے انتخابات میں اکیس کروڑ عوام ن لیگ کے امیدواروں کو کامیاب کرواکر نواز شریف کے بیانیے پر مہر لگائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے بے روز گار کرائے دار طاہر القادری کے ذریعے اسلام آباد میں ریڈ زون پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر قبضہ کیا، وہ ملک پر سازش کے ذریعے قبضہ کرنا چاہتے ہیں مگر ہم انہیں ہر محاذ ہر گلی میں شکست دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شہباز شریف نے ہیلتھ، ایجوکیشن اور زراعت میں نئی ترقی دی، عوامی خدمت کی بدولت آنے والا الیکشن بھی جیتیں گے۔