یوم پاکستان بھرپور قومی جوش و خروش سے منایا جائے گا، شہزاد احمد برلاس

یوم پاکستان بھرپور قومی جوش و خروش سے منایا جائے گا، شہزاد احمد برلاس

جوہانسبرگ(بیورورپورٹ) یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانیوں کی واحد نمائندہ تنظیم پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کی تیاری بھرپور قومی جذبے سے جاری ہے حسب روایت اس دفعہ بھی پورے ساؤتھ افریقہ سے پاکستانیوں کا جم غفیر اکٹھا ہو گا۔پاکستانی اپنا قومی تہوار ملی جوش و خروش سے منانے کے لئے پر عزم دکھائی دیتے ہیں۔ ایک ملاقات میں پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری شہزاد احمد برلاس نے بتایا کہ یوں تو ایک عرصے سے پاکستانی اپنے قومی تہوار مناتے تھے لیکن گزشتہ کچھ سالوں سے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے ملک گیر سطح پر پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے جو کہ باعث مسرت ہے بلکہ قومی یکجہتی کا مکمل اظہار ہے امسال بھی پورے ملک سے پاکستانی 23 مارچ کے پروگرام کے سلسلہ میں پیٹرزمیرزبرگ میں اکٹھے ہو کر اس تقریب کو چار چاند لگا دیں گے۔

شہزاد احمد برلاس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی یوم پاکستان کے موقع پر ملی جذبات سے سرشار ہیں۔پاکستان ساؤوتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے پیٹرزمیرزبرگ یونٹ نے پہلے سے ہی تیاری شروع کر رکھی ہے اور پورے ملک سے پاکستانیوں کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے انتہائی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔دیار غیر میں بسنے والے تمام پاکستانی اپنے وطن کی محبت میں سرشار کسی سے کم نہیں ہیں اور ملک و ملت کی خدمت اور ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کی اسی طرح خدمت میں مصروف رہتے ہوئے تمام ملی اور مذہبی تہوار ہمیشہ جوش و جذبہ سے منانے میں کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید : عالمی منظر