سوڈان اور ایتھو پیا سے مل کر دریائے نیل سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، مصری صدر
قاہرہ (آن لائن)مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ان کا ملک سوڈان اور ایتھوپیا سے مل کر دریائے نیل سے اجتماعی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے اور وہ اس سلسلے میں ان سے مل کر کام کر رہا ہے۔منگل کو غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر عبدالفتاح السیسی نے دارالحکومت قاہر ہ میں اپنے سوڈانی ہم منصب عمر حسن البشیر سے ملاقات کی۔بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصری صدر نے کہا کہ ہم سوڈان اور ایتھوپیا سے مل کر دریائے نیل سے اجتماعی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے اور وہ اس سلسلے میں ان سے مل کر کام کر رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے مصر اور سوڈان کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے کوششوں کا اعلان کیا۔اس موقع پر صدر عمر البشیر نے کہا کہ سوڈان مصر کیساتھ کے کسی بھی اختلاف کو طے کرنے کو تیار ہے اور وہ اس کی سلامتی کا خواہاں ہے۔انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مصر اس وقت انتخابات کے دور سے گزر رہا ہے اور ان کا وفد مصر کے استحکام اور صدر السیسی کی حمایت کے لیے بروقت یہ دورہ کررہا ہے۔
سوڈانی صدر کے اس دورے سے قبل مصر کے قائم مقام انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل نے خرطوم کا دورہ کیا تھا۔انھوں نے سوڈانی وزیر خارجہ ابراہیم غندور اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی تھی اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔