دنیا جان لے ، پاکستانی شہری کرکٹ کے شیدائی ہیں : شہباز شریف

دنیا جان لے ، پاکستانی شہری کرکٹ کے شیدائی ہیں : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دنیا جان لے ،پاکستان پرامن ملک ہے اورپاکستان کے شہری کرکٹ کے شیدائی ہیں ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لاہور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد پر خصوصی تہنیتی پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اوردیگر کھیلوں کے مقابلے بھی جلددیکھنے کو ملیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ایس ایل تھری کی ٹیموں کو لاہور آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔پی ایس ایل تھری کے میچوں کا پاکستان میں انعقاد کھیل کے میدان میں ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل کے میچوں کے انعقاد سے اقوام عالم کو پاکستان ایک پرامن ملک ہونے کا پیغام جائیگا۔ شائقین کرکٹ کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے محبت رکھنے والے بہترین ماحول میں کھیل سے لطف اندوز ہوں گے۔ ہماری حکومت نے میچوں کے پرامن اور محفوظ انعقاد کیلئے شاندار انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچز کے انعقاد کے باعث ہر پاکستانی خوش نظر آتا ہے۔ ہم نے اپنی قوم کی خوشیوں میں اسی طرح اضافہ کرنا ہے۔ کسی کو قوم کی خوشیاں نہیں چھیننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل تھری کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ کی رحمت شامل رہی اور عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو پہلے سے بڑھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔ پاکستان کو توانا اور خوشحال بنانے کے لئے سب کو ملکرکام کرنا ہوگا۔ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں ہر فرداپنا کردار ادا کرے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رکن قومی اسمبلی عارفہ خالد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا ہے۔ ہمارا ماضی اورحال عوام کی خدمت ،فلاح وبہبود اور بھرپور ترقی کے اقدامات سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر قدم ملک کی ترقی جبکہ مخالفین نے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے میں صرف کیا۔نیازی صاحب نے خیبرپختونخواہ کے عوام کی خدمت کی بجائے الزام تراشی میں وقت ضائع کیا۔پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کی کارکردگی اپنے صوبوں میں صفرکے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ یو ٹرن، دھرنا، الزام تراشی اور جھوٹ نیازی صاحب کی پہچان ہے۔ عوامی خدمت کے جذبے سے عاری عناصر کو پنجاب کی ترقی بھی آنکھ نہیں بھاتی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے منفی سیاست کا احتساب کریں گے۔ نیازی صاحب! دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام ترقی مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔ ہم آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کے ریکارڈ لے کر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ ملاقات میں ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...