سعودی عرب ، 11سو برس قدیم قرآن کریم کا قلمی نسخہ مرکز نگاہ بن گیا

سعودی عرب ، 11سو برس قدیم قرآن کریم کا قلمی نسخہ مرکز نگاہ بن گیا

ریاض(آئی این پی) سعودی عرب میں تیسری صدی ہجری میں لکھا گیاقرآن کریم کا قلمی نسخہ کتب میلے میں مرکز نگاہ بن گیا ، 11سو برس قدیم نسخہ کو شیشے کے خوبصورت بکس میں رکھا گیا ہے تاکہ لوگ ہاتھ نہ لگائیں اور قدیم قلمی نسخہ محفوظ رہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تیسری صدی ہجری میں لکھا گیا قرآن کریم کا قلمی نسخہ ریاض میں منعقد ہونے والے کتب میلے میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ 11 سو برس قدیم قلمی قرآنی نسخے کا آغاز سورۃ آل عمران کی 50 ویں آیت سے ہوتا ہے جبکہ سورۃ عبس پر ختم ہو تا ہے۔ قدیم ترین نسخے میں مختلف رنگوں کا استعمال کیا گیا ہے جس میں اعراب کیلئےُ جُدا جُدا رنگ استعمال کئے گئے ہیں۔ تشدید کی علامت کیلئے ہرا رنگ استعمال ہوا ہے، ہمزہ کو پیلے رنگ سے لکھا گیا ہے جبکہ آیات کی تحریر سیاہی سے کی گئی ہے۔ کتب میلے میں آنے والے اکثر زائرین اس قدیم نسخے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ہر شخص قدیم نسخے کی تصاویر بڑے شوق سے بناتاہوا دکھائی دے رہاہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ ا س قسم کے قدیم نسخے کو کتب میلے میں رکھنا انتظامیہ کا بہترین اقدام ہے۔

قدیم قلمی قرآن

مزید : کراچی صفحہ اول