کراچی قومی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے، گورنر سندھ

کراچی قومی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے، گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے اقتصادی حب کراچی قومی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے ، معیشت کے استحکام میں شہر کی معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری اور سماجی سرگرمیاں کلیدی اہمیت کی حامل ہیں ، سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد شہر عالمی تجارت میں بنیادی کردار ادا کرے گا ، سمندی قدرتی بندرگاہ کے باعث کراچی کو عالمی سطح پر معاشی ، تجارتی اور اقتصادی لحاظ سے منفرد مقام حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل سے اضافہ ، صنعتی فعالیت اورتجارتی و کاروباری سرگرمیاں بڑھنے سے لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں جس سے عوام کا طرز زندگی بدلنے میں مدد مل رہی ہے ، شہر کی ترقی و خوشحالی میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری افراد اہم قومی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاق کے تعاون سے شہر میں جدید سفری سہولیات کے لئے گرین لائن اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے K-IV منصوبہ پر کام جاری ہے ،طویل عرصہ سے التواء کے شکار لیاری ایکسپریس وے منصوبہ موجودہ حکومت نے ہی مکمل کرایا ہے ، وفاق نے شہر کے مسائل کے حل اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 25 ارب روپے کی خطیر رقم سے کراچی ترقیاتی پیکج دیا ہے جس کے تحت شہر کے سماجی شعبہ کی ترقی کے ساتھ ساتھ انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے کاموں پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے تناظر میں بھی صنعتی ، تجارتی اور کاروباری علاقوں سمیت پورٹس کے علاقوں میں بھی انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ، منصوبہ سے بھرپو ر استفادہ حاصل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے گئے اقدامات اہم ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا اس وقت وقت ملک بھر سمیت کراچی کے حالات انہتائی خراب اور بجلی کے سنگین بحران کے باعث معاشی ، اقتصادی ، صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی تھیں ، امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے اور سرمایہ کاری میں حصہ لینے سے ہچکچاتے تھے ،موجودہ حکومت نے اقتڈار سنبھالتے ہی سب سے پہلے امن و امان کے قیام کے لئے انتہائی مشکل فیصلے کئے با الخصوص سب سے بڑے شہر کراچی کے حالات جو انتہائی خراب اور پیچیدہ تھے لیکن اللہ تعالیٰ کی نصرت حکومت کے ساتھ رہی اور اس نے زبردست کامیابیاں حاصل کیں جسے دنیا وطیرہ حیرت سے دیکھتی ہے ، حکومت نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ توانائی کے حصول کے لئے میگا پروجیکٹس تعمیر کرنے شروع کئے جن کی تکمیل کے ساتھ ساتھ بجلی حاصل ہونا شروع ہوگئی ہے آج پاکستان میں طلب کے مطابق بجلی دستیاب ہے ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے طے کیا ہے کہ جن علاقوں میں وصولی نہیں ہو پارہی ہے ان علاقوں میں طے کردہ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہے تاکہ بجلی کی مد میں ہونے والے خسارہ کو کم سے کم کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کے اقدامات کے باعث آج پورے ملک میں امن و امان ، بجلی بحران کا خاتمہ اور قومی معیشت مستحکم ہو چکی ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری ، صنعتی فعالیت اور تجارتی و کاروباری گہما گہمی سے سماجی زندگی میں خوشگوار تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے ، مستقبل میں بہتر منصوبہ سے خوشحالی کے سفر میں مزید تیزی یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن خوشحالی کی سمت گامزن پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لئے دنیا بھر میں منعقدہ روڈشوز میں شرکت کرکے ملک کے حقیقی تاثر کو اجاگر کیا جا رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، امریکہ اور برطانیہ میں منعقدہ روڈ شوز میں شریک سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ آج انھیں پاکستان کے بارے میں درست آگاہی حاصل ہوئی ہے اب وہ بھی پاکستان میں سرمایہ کار ی میں حصہ لینے پر مائل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان با الخصوص کراچی میں بے پناہ استعداد ہے ، شہر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار، محنتی اور ہنر مند افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل اہمیت کے حامل ہے ، عالمی تجارتی راہداری کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث کراچی کو سرمایہ کاری،تجارتی اور کاروباری لحاظ سے دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل ہے ، سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں ، تاجروں اور کاروباری افراد کو ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ، شہر میں سرمایہ کاری کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی یقینی بنائی جا سکے ۔