بلوچستان میں مخلص قیادت کا فقدان ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

بلوچستان میں مخلص قیادت کا فقدان ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر و ممتاز عالم دین مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی و محرومیوں کی اصل وجہ وفاق کی نا انصافی کے ساتھ صوبہ میں مخلص قیادت کا فقدان ہے۔ بلوچستان کے حقوق کے نام پر عوام کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ملک کے دیگرصوبوں کے مقابلے میں بلوچستان کے عام لوگ زیادہ شعور رکھتے ہیں۔ اب وقت آگیاہے کہ محض دعویٰ سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل جماعت اسلامی سندھ کے دورے کے موقع پر بات چیت کے دوران کیا۔ صوبائی نائب امیرعظیم بلوچ سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کا دستور ایک دستاویز اور نعمت خدا وندی ہے جس میں صوبوں کے حقوق بڑے واضح ہیں۔ اس دستور کو ہمارے بڑے بزرگوں نے بڑی محنت کے ساتھ تیار کیا، بد قسمتی سے جو جمہوریت کے بڑے بڑے دعوے کرتے تھکتے نہیں ہیں مگر جب خود اقتدار میں ہوتے ہیں تو اپنے غیر آئینی اقدامات سے آمریت کو بھی پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں سی پیک کا چرچا ہے،انشاء اللہ یہ ملک معیشت واستحکام میں بڑا اہم ثابت ہوگا،مگر بلوچستان پیکج سے لیکر سی پیک تک عام آدمی آج بھی محرومیوں کا شکار ہے، تمام ترسہولیات و مراعات بڑے لوگوں کیلئے ہیں۔ گوادر کے چاروں طرف تو بڑی بڑی سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے مگر مقامی آبادی آج بھی میٹھے پانی سے لیکر ڈرنیج سسٹم سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہے،اس سے بڑی ناانصافی اورمحرومی کیاہوگی کہ ٹاؤن پلانگ تک نہیں ہے،جماعت اسلامی کے صوبائی امیرنے کہاکہ امید کی جاسکتی ہے کہ نو منتخب چیئر مین سینیٹ و ان کے ساتھے ماضی کے حکمرانوں کے دعووں کے برعکس بلوچستان کے حق حاکمیت کو تسلیم کرانے کے ساتھ، مسائل حل اور محرومیوں کے خاتمے کے لئے پیش قدمی کریں گے۔