الغوطہ سے فرار اختیار کرنے والوں میں 70فیصد خواتین اور بچے ہیں:اقوام متحدہ
نیویارک(این این آئی) اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ مشرقی الغوطہ سے لڑائی کے دوران فرار اختیار کرنے والے شہریوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ نقل مکانی کرنے والوں میں 70 فی صد خواتین اور بچے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ شمالی شام کے کرد اکثریتی علاقے عفرین میں حالیہ لڑائی کے دوران ایک لاکھ4ہزار افراد نقل مکانی پرمجبور ہوئے، ان میں 10 ہزار افراد شامی فوج کے زیرانتظام علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ادھر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کی خاتون ترجمان ماریکسی میرکادو کاکہنا تھا کہ مشرقی الغوطہ سے نقل مکانی کرنے والے شہریوں میں 70 فیصد خواتین اور بچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الغوطہ سے اب تک 50 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے افراد بالخصوص بچے دست اور کئی نفسیاتی امراض کا بھی شکار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں میر کاڈو کا کہنا تھا کہ عفرین میں 1 لاکھ افراد اب بھی محصور ہیں جن میں نصف تعداد بچوں پر مشتمل ہے۔