پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا تاج چھین لیا

پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا تاج چھین لیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)قذافی سٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے دوسرے پلے آف میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگزکو13رنزسے شکست دے کرفائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا،پشاورزلمی کے کامران اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے،انہوں نے 27گیندوں پر8چھکوں اور5چوکوں کی مددسے77رنزبناکرپشاورکی جیت میں اہم کرداراداکیا،کراچی کنگزکے عثمان خان مہنگے بولرثابت ہوئے انہوں نے3اووروں میں16کی اوسط سے48رنزدے کرایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگزکے کپتان محمدعامرنے ٹاس جیت کرپشاورزلمی کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔پشاورزلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 16اووروں میں7وکٹوں کے نقصان پر170رنزبنائے۔171رنزکے ہدف کے حصول کے لئے بعدمیں بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگزمقررہ 16اووروں میں2وکٹوں کے نقصان پر157رنزبناسکی۔کراچی کنگزکی جانب سے اننگزکاآغازمختاراحمداورجوئے ڈینلی نے کیا۔کراچی کی پہلی وکٹ13رنزپرگری جب مختاراحمدایک رن بناکرثمین گل کی گیندپرسیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اسکے بعدبابراعظم بیٹنگ کے لئے آئے دوسری وکٹ کی شراکت میں بابراعظم اورجوئے ڈینلی نے 117رنزکااضافہ کیا,کراچی کی دوسری وکٹ130رنزپرگری جب بابراعظم45گیندوں پر2چھکوں اور6چوکوں کی مددسے63رنزبناکرحسن علی کی گیندپرڈاوسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے,جوئے ڈینلی79رنزبناکرناٹ آؤٹ رہے۔پشاورکی جانب سے حسن علی اورثمین گل نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 157رنز ہی بناپائی۔

اس سے قبل بارش سے متاثرہ میچ میں کراچی کنگز نے میدان میں باولرز کوفائدہ ملنے کی امید دیکھ کرٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کی جانب سے اندرے فلیچر اور کامران اکمل میدان میں آئے جبکہ کراچی کی جانب سے پہلااوورکپتان محمدعامرنے کروایا. کراچی کنگز کی توقع کے مطابق محمد عامر  کا پہلا اوور ان کی فیور میں گیا جس میں صرف 2 رنز ہی بن سکے لیکن دوسرے اوور میں پشاور زلمی کے اوپنرز نے اپنا کام دکھانا شروع کردیا اور اس اوور میں 13رنز جڑ دئیے۔کھیل کے تیسرے اوورمحمد عامر نے ایک بار پھر بہترین باولنگ کروا کے مخالف بلے بازوں کو رنز بنانے سے روکا۔  پشاور زلمی کا تین اوورز کے بعد مجموعہ بغیر کسی نقصان کے 19تک پہنچ گیا،پلے آف مرحلے کے آخری اوور میں کامران اکمل نے عثمان خان کی زبر دست کلاس لیتے ہوئے انہیں 25رنز جڑ دئیے جس میں 2چھکے اور 3چوکے شامل تھے ،کامران اکمل کا لاٹھی چارج یہاں تک ہی محدود نہیں رہا انہوں نے اسامہ میرکوچھالگاکر صرف17گیندوں پر5چھکوں اور5چوکوں کی مددسے پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی۔پشاور زلمی نے 100رنز کا مجموعہ 8.2اووروں( 50گیندوں)پرمکمل کیا۔پشاور زلمی کو پہلا نقصان نو یں اوور کی پہلی گیند پرہواجب  روی بوپار ہ نے 30گیندوں پر34رنز بنانے والے فلیچر کوپویلین کی راہ دکھائی، اسی اوور میں کامران اکمل 27گیندوں پر 8چھکوں اور5چوکوں کی مددسے77رنزبناکرمختاراحمدکے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔137رنز کے مجموعے پر پشاور زلمی کوتیسر انقصان محمد حفیظ کی صورت میں ہوا ان کی وکٹ بھی روی بوپارہ کے حصے آئی۔پشاور کو چوتھا نقصان 150رنز کے مجموعے پر ہوا جب ڈاﺅسن 13رنز بنا کر عثمان خان کی گیندپرانگرام کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے،ڈیرن سیمی نے 12گیندوں پر 23رنز بنائے ، ان کی وکٹ ملز کے حصے آئی،وہ ڈینلے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے،چھٹی وکٹ بھی169رنزپرگری جب سعدنسیم2رنزبناکررن آؤٹ ہوئے،ساتویں وکٹ بھی 169رنزپرگری جب وہاب ریاض بغیرکوئی رن بنائے بغیر  ملزکی گیندپرڈینلے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، 169کے سکورپرپشاورکی 3وکٹیں گریں۔کھیل کے آخری اوور میں پشاور زلمی کو ئی خاص کمال نہ کرپائی اور اسی اوور میں تین وکٹیں گنواتے ہوئے مجموعی طور پر7وکٹوں کے نقصان پر 170رنز بنالئے ۔کراچی کنگزکی جانب سے روی بوپارہ نے3،ٹی ایس ملزنے2اورعثمان خان نے ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا ۔پشاور زلمی کے جارح مزاج بلے باز کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

پاکستان سپر لیگ تھری کا فائنل 25مارچ کواسلام آبادیونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان شام 6 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلاجائے گا ۔

 

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update /اہم خبریں

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...