آج آپ نے بہت اچھی اننگ کھیلی صبح ناشتے میں کیا کھایا تھا ؟77 رنز کی اننگ کھیلنے بعد کامران اکمل نے اس سوال کا ایسا جواب دیدیا کہ سن کر آپ بھی ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو جائیں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کنگز کے خلاف انتہائی اہم میچ میں دھواں دار اننگ کھیلنے والے پشاور زلمی کے بلے باز کامران اکمل نے کہاہے کہ ’آج صبح میں نے ناشتے میں پراٹھا ‘کھایا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کو 171 رنز کا بڑا ہدف دینے کے بعد ہونے والے معمولی وقفے میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل سے صحافی نے سوال کیا کہ ’آج آپ نے صبح ناشتے میں کیا کھایا تھا ‘جس پر کھلاڑی نے ہنس کر جواب دیتے ہوئے کہا کہ پراٹھا کھایا تھا ۔ کامران اکمل نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آج کے میچ میں چار اوور کم ہو ئے تھے تو ہماری کوشش تھی کہ جتنا اچھا سٹارٹ مل جائے وہ اتنا ہی اچھا ہے اور میرا پلان بھی یہی تھا کہ لمبی اننگ کھیلوں کیونکہ اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتاہے اور گزشتہ چند میچز سے اسی حکمت عملی پر عمل کرنے کی کوشش کر رہاہوں جس میں ہمارے کوچ اور کپتان کا بہت بڑا ہاتھ ہے ۔
کامران اکمل کا کہناتھا کہ ہمارے لیے ہر میچ ہی ’ڈو اینڈ ڈائی ‘ ہے ،ابھی میچ کا فیصلہ نہیں ہوا اور کراچی کی ٹیم بھی بہت اچھی ہے تاہم کوشش ہے کہ اللہ کی مدد سے ہم یہ میچ جیت جائیں ۔
واضح رہے کہ عمومی طور پر کھلاڑی جب فٹنس مسائل سے گزر رہے ہوتے ہیں تو ان کے کوچز دیسی ناشتوں پر پابندی لگا دیتے ہیں اور ڈائٹ کرنے کی پابندی کا کہتے ہیں جبکہ کامران اکمل نے بھی اپنی گفتگو میں اپنے فٹنس مسائل کا ذکر کیا تاہم اس کے باوجود بھی انہوں نے آج تاریخی اننگ کھیلتے ہوئے پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سینچری بنا ڈالی اور مجموعی طور پر 27 گیندوں پر 77 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کو چار چاند لگا دیے ۔