حسن علی ورلڈکپ میں کیا کرنا چاہتے ہیں؟ ایسے خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے کہ بلے باز بھی چوکنا ہو جائیں

حسن علی ورلڈکپ میں کیا کرنا چاہتے ہیں؟ ایسے خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے کہ بلے ...
حسن علی ورلڈکپ میں کیا کرنا چاہتے ہیں؟ ایسے خطرناک عزائم ظاہر کر دئیے کہ بلے باز بھی چوکنا ہو جائیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر حسن علی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد ورلڈکپ میں بھی دھوم مچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فٹنس کے کوئی مسائل نہیں ہیں البتہ کیرئیر میں اتار چڑھاﺅ آتے رہتے ہیں۔

نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں حسن علی نے کہا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا لیکن اس کے باوجود ہمت نہیں ہاری اور سخت محنت کر کے دوبارہ ردھم حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے ایلیمنیٹر ٹو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف سپیل کو یادگار سمجھتا ہوں کیونکہ فائنل تک رسائی کیلئے فتح کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا، اس میچ میں لیوک رونکی سمیت اہم وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور اپنی ٹیم پشاورزلمی کیلئے کارکردگی دکھانے پر بہت خوش ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں حسن علی نے کہا کہ ہم انگلینڈ کی کنڈیشنز میں 3، 4 سال سے کھیل رہے ہیں اور یہی تجربہ ورلڈکپ میں ہمارے کام آئے گا۔ میگا ایونٹ سے قبل وہاں میزبان ٹیم کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی ہمیں تیاری کا اچھا موقع مل جائے گا، کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، اس لئے فتوحات سے اعتماد مزید بڑھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

فاسٹ باﺅلر نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹرز، کوچ اور کپتان نے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم بھی انسان ہیں مشینیں نہیں، میں گزشتہ 6ماہ سے تینوں فارمیٹ میں مسلسل کھیل رہا ہوں اس لئے میرے لئے آرام کرنا ضروری ہو گیا تھا، اب ورلڈکپ جیسے بڑے چیلنج سے قبل ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم ہو جاﺅں گا۔

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update