حکومت کی جانب سے رمضان پیکج کی منظوری کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے عوام پر مہنگائی کاپہاڑ توڑ دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )حکومت کی جانب سے 2ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج منظور ہونے کے باوجود یوٹیلیٹی سٹوز کارپوریشن نے کئی اشیاءمہنگی کردیں ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے گھی، چائے اور مشروبات سمیت روز مرہ کی کئی اشیا کی قیمتوں میں 4 سے 175 روپے تک اضافہ کیاہے۔کوکنگ آئل کے مختلف برانڈ میں 9 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا گیا ہے جب کہ گھی 5 روپے فی کلو تک مہنگا کردیا گیا۔
اس کے علاوہ چائے 6 روپے سے 65 روپے اور مشروبات کی قیمتوں میں 7 روپے سے 21 روپے تک اضافہ کیا گیا جب کہ کیچپ 4 روپے سے 24 روپے اور ٹوتھ پیسٹ 5 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے۔کپڑے دھونے کا صرف 9 روپے سے 30 روپے، شیمپو 30 روپے سے 40 روپے اور جوتوں کی پالش 10 روپے تک مہنگی کردی گئی۔
یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ہوگیا ہے۔