نوجوان لڑکے لڑکیوں کے لئے فحش فلموں کا سب سے خطرناک نقصان معروف ڈاکٹر نے بتادیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ پر فحش فلموں کی بھرمار نوجوان نسل کو اخلاقی اعتبار سے ہی نہیں، ذہنی و جسمانی صحت کے حوالے سے بھی سنگین نقصان پہنچا رہی ہے۔ اب ایک معروف ڈاکٹر نے نوجوان لڑکے لڑکیوں کے لیے ان حیاسوز فلموں کا سب سے خطرناک نقصان بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کے لیے لکھے گئے اپنے آرٹیکل میں ڈاکٹر فلپا کائے کہتی ہیں کہ ”فحش فلمیں نوجوان لڑکے لڑکیوں کے جنسی زندگی سے متعلق رجحانات کو خوفناک طریقے سے تبدیل کر رہی ہیں۔ ان فلموں کی وجہ سے نہ صرف لڑکے لڑکیوں میں اپنے جسم کے متعلق شدید ترین احساس کمتری پیدا ہو رہا ہے اور وہ سرجری کی طرف راغب ہو رہے ہیں بلکہ ان کی وجہ سے وہ جنسی کارکردگی کے حوالے سے بھی شدید ڈپریشن کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس کا واحد سبب یہ ہے کہ ہم عام زندگی میں کسی طور فحش فلموں کے اداکاروں کے برابر نہیں ہو سکتے۔ جب ان فلموں کے عادی لڑکے لڑکیاں خود کو جنسی و جسمانی اعتبار سے ان اداکاروں اور اداکاراﺅں سے کمتر پاتے ہیں تو وہ شدید ذہنی تناﺅ کا شکار ہو جاتے ہیں۔“
ڈاکٹر فلپا لکھتی ہیں کہ ”میرے پاس کئی ایسے لڑکے آتے ہیں جو بالکل صحت مند ہونے کے باوجود جنسی کمزوری کی شکایت کرتے ہیں اور اس کی وجہ ان کا بہت زیادہ فحش فلمیں دیکھنا ہی ہوتا ہے۔ ایسے بھی متعدد مریض میرے پاس آئے جو فحش فلموں کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہو کر جنسی عمل کے قابل ہی نہ رہے تھے کیونکہ فحش فلموں کی وجہ سے ان کے ذہن میں یہ بات بیٹھ گئی تھی کہ انہیں عضو مخصوصہ کی ایستادگی کا مسئلہ لاحق ہے۔ میرے پاس للی نام کی ایک 15سالہ لڑکی آئی جو اپنی ٹانگوں کے غیرضروری بالوں کی وجہ سے شدید پریشان تھی اور لیزر کے ذریعے ان کا خاتمہ کروانا چاہتی تھی۔ جب میں نے اس سے وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ اس کا بوائے فرینڈ اس سے مطمئن نہیں ہے۔ وہ فحش فلمیں دیکھتا تھا لیکن للی ایک نارمل لڑکی تھی جو اس کے سوچے گئے معیار پر پوری نہیں اترتی تھی۔ للی اس بات پر پریشان تھی کہ اس وجہ سے اس کا دوست اسے نہ صرف چھوڑ دے گا بلکہ سکول میں دوسرے لوگوں کو بھی اس حوالے سے بتا دے گا چنانچہ وہ ہر حال میں ان بالوں سے نجات چاہتی تھی۔ یہ فحش فلموں کے باعث نوجوان نسل کی تبدیل شدہ ذہنی حالت کی دو چھوٹی سے مثالیں ہیں۔ اس معاملے پر کئی سروے ہو چکے ہیں جن کے ہوشربا نتائج سامنے آئے۔ سرکاری اعدادوشمار بھی بتاتے ہیں کہ برطانیہ میں 14لاکھ کم عمر لڑکے لڑکیاں ہر مہینے فحش فلمیں دیکھتے ہیں، جو کہ انتہائی خوفناک شرح ہے۔ نوجوان لڑکے لڑکیوں کو اس وجہ سے ان سے زیادہ نقصان پہنچتا ہے کیونکہ وہ ان فلموں کو حقیقی سمجھتے ہیں اور جب خود کو اور اپنے شریک حیات کو اس معیار پر پورا اترتا نہیں دیکھتے تو ڈپریشن کا شکار ہو کر حقیقت میں جنسی طاقت سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔“