سندھ حکومت کے اہم وزیر نے کرپشن کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہاہے کہ جس کسی نے بھی کرپشن کی ہے ، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے لیکن یہ نہ ہوکہ تحریک انصاف کیلئے پیمانہ الگ ہو اور دوسرے کے کیلئے الگ ہو۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کیلئے طالبان کی پسندیدگی ڈھکی چھپی نہیں ہے ، وزیر اعظم اپنا مذاق خود اڑوا رہے ہیں، ہم نے نہیں کہا کہ مودی سے فون کیلئے مرے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بے شمار ایسے لوگ ہیں جن کوکہا گیاکہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن نہ لڑیں ، تحریک انصا ف میں چلے جائیں یا جی ڈی اے کی پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے حالات کو سمجھتے ہیں ، ان کی جانب سے بلاول بھٹو کی تقریر کی تعریف کی گئی ہے ، ہم کہتے ہیں کہ جس کسی نے بھی کرپشن کی ہے ، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے لیکن یہ نہ ہوکہ تحریک انصاف کیلئے پیمانہ الگ ہو اور دوسرے کے کیلئے الگ ہو، جہانگیر ترین کے ملازمین کے نام پر اکاﺅنٹس تھے ، ان کوجرمانہ ہوا اور ان کی جانب سے جرمانہ ادا کیاگیا ۔