حکومت غریبوں کیلئے فوری امدادی پیکج بجلی گیس کے بل معاف کرے: سراج الحق

حکومت غریبوں کیلئے فوری امدادی پیکج بجلی گیس کے بل معاف کرے: سراج الحق

  



لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم استغفار،احتیاط اور امید کے ساتھ کرونا وائرس کو شکست دیں گے، حکمران خود بھی توبہ و استغفار کریں اور قوم سے بھی اپیل کریں،حکومت کا رویہ عوام کے ساتھ اس ماں کا ہونا چاہئے جو بچے کو بیماری سے بچانے کیلئے سب کچھ قربان کردیتی ہے،حکومت نے اب بھی عوام کو ریلیف نہ دیا تو اس سے بڑھ کرکوئی ظلم نہیں ہوگا۔حکومت جلد ازجلد غریبوں کیلئے بڑے امدادی پیکیج کا اعلان کرے اور 25ہزارروپے سے کم آمدنی والوں کے بجلی اور گیس کے بل معاف کردے، دنیا اپنے بے بہا وسائل ہتھیار بنانے پر خرچ کررہی ہے اور اتنے مہلک ہتھیار بنا لئے ہیں جن سے دنیا گیارہ بار تباہ ہوسکتی ہے،اگر یہی وسائل انسانی ترقی،تعلیم اور صحت پر خرچ ہوتے تو آج ایک معمولی جراثیم سے دنیا خوف زدہ نہ ہوتی۔انسان جب زمین پر اکڑ اکڑ کرچلتا ہے اور حکمران تکبر اور غرور کے نشے میں اللہ سے بغاوت کا رویہ اختیارکرتے ہیں توپھراللہ تعالیٰ کے نظر نہ آنے والے لشکر حملہ آور ہوتے ہیں۔اس سے پتہ چلتا ہے کہ کوئی ایسی بے نیازذات ہے جس کے قبضہ قدرت میں پوری کائنات ہے اور انسان سمیت تمام مخلوقات اس کی محتاج ہیں۔ ہمیں ہر وقت اللہ کے بندے اور غلام بن کر رہنا اور اسی کی فرما نبرداری والی سادہ زندگی گزارنا چاہئے تاکہ آفات سے بچ سکیں۔گزشتہ روز جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مال روڈ پر کرونا آگاہی اور صفائی کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ملک بھر میں ہمارے لاکھوں کارکن رضا کارانہ طور پر کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام میں سینی ٹائزر،ماسک اور صابن وغیرہ تقسیم کررہے ہیں۔الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے سینکڑوں ہسپتال،ڈسپنسریاں اورتین سو ایمبولینسز عملے سمیت حکومت کو پیش کردیئے ہیں،ہم مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے مکمل تعاون کررہے ہیں،یہ اجتماعی مسئلہ ہے اورپوری قوم کو مل کر کرونا کے خلاف لڑنا ہے۔لوگ اللہ کی رضا کیلئے اپنے ارد گرد موجود غرباء و مساکین اور پریشان حال لوگوں سے تعاون اور ان کی مدد کریں تاکہ کرونا کے نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔

سراج الحق

مزید : ملتان صفحہ آخر /صفحہ آخر