فوڈ سیفٹی ٹیموں کا مختلف شہروں میں آپریشن‘ 23پوائنٹس کو بھاری جرمانے

فوڈ سیفٹی ٹیموں کا مختلف شہروں میں آپریشن‘ 23پوائنٹس کو بھاری جرمانے

  



ملتان (سٹاف رپورٹر) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 413 فوڈ پوائنٹس کوچیک کیاجبکہ 234 پوائنٹس کو بہتری کے لیے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔اس کے علاوہ ملتان، لودھراں اور ڈی جی خان (بقیہ نمبر41صفحہ7پر)

کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے 70 گاڑیوں میں موجود 10,263 لیٹر دودھ کی چیکنگ، موقع پر لیے گئے سیمپل کے ٹیسٹ فیل ہونے پر 280 لیٹر مضرصحت، ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا۔ علاوہ ازیں انڈوں میں خون کی موجودگی پر سوئٹس اینڈ بیکری یونٹ، مکھیوں کی بہتات پر کیفے سیل اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 23 فوڈ پوائنٹس کو 87,000 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں واقع این ایل سی بائی پاس پر داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی،ڈیری سیفٹی ٹیموں نے 70 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی 62 دودھ بردار گاڑیوں کے سیمپل پاس جبکہ 08 کے فیل ہوئے، ملتان، لودھراں اور ڈی جی خان میں کل 10 ہزار 263 لیٹر دودھ کو چیک کیا گیا جس میں سے 280 لیٹر موقع پر لیے گئے سیمپل فیل ہونے پر موقع پر تلف کیا گیا۔ناقص دودھ کے استعمال سے بچوں کی نشوونما روک جاتی ہے، غیر معیاری دودھ ہڈیوں کو کمزور بناتا ہے۔اس کے علاوہ ملتان میں کاروائی کے دوران حبیب فوڈز بیکری آئٹمز کی تیاری میں ٹوٹے ہوئے انڈوں کے استعمال، انڈوں میں خون کے واضح نشانات، انڈوں کے خول میں لاروا کی موجودگی پر سربمہر اسی طرح رحیم یار خان میں واقع بلال کیفے دی گئی ہدایت پر عمل نہ کرنے، بچی ہوئی ایکسپائر خوراک کو دوبارہ استعمال کرنے، کھلے پراسیسنگ ایریا میں کام کرنے، سیگریٹ کے ٹکڑوں کی موجودگی اور سینیٹئزر استعمال نہ کرنے پر کیفے کو سیل کر دیا گیا۔ملتان میں کرسٹل فوڈز کو ناقابلِ سراغ مصالحہ جات فروخت کرنے، پھپھوندی لگا اچار سٹور کرنے پر 15 ہزار روپے، ڈی جی خان میں واقع المائدہ فرائز کو صفائی کی ابتر صورتحال ایکسپائر فوڈ کے استعمال پر 15 ہزار روپے اور خانیوال میں کائنات ریسٹورنٹ کو مکھیوں کی بہتات پر 7 ہزار دوپے کے جرمانہ عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی پرملتان ڈویڑن میں 08 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 42,500 روپے،ڈی جی خان ڈویڑن میں 10 فوڈ پوائنٹس کو 34,000 اور بہاولپور ڈیڑن میں 05 پوائنٹس کو 12,500روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران ملاوٹی مصالحہ جات، زائدالمیعاد ڈرنکس،مضر صحت دودھ، مٹھائی، پھپھوندی لگا اچار، رینسڈآئل اور غیر معیاری خوراک کوموقع پر تلف کیا گیا۔ مزید برآں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 234 فوڈپوائنٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے۔

جرمانہ

مزید : ملتان صفحہ آخر