کرونا لاک ڈاون میں اشیاے خوردونوش کفن قبر بھی مہنگی ہوگئی
اسلام آباد(آئی این پی) اوپن مارکیٹ میں دالوں، گھی، چینی کی قیمتوں میں 20روپے کلو تک کا اضافہ ہوگیا،دال مونگ 230روپے سے 250 روپے کلواور دال ماش220سے 227روپے کلو ہوگئی،کریانہ مرچنٹس، نان بائیوں نے قیمتوں میں سرکاری اضافہ کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس بلانے کی درخواست کردی۔ صدر کریانہ مرچنٹ پرویز بٹ کے مطابق چینی کی قیمت میں 2روپے کلو تھوک کا اضافہ ہوگیا۔ چینی کی 50کلو کی بوری اضافہ کے ساتھ 4020روپے ہوگئی، جبکہ سفید چنا کی قیمت 10روپے اور چاول 12روپے مہنگا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپلائی میں بھی کمی ہورہی ہے، اجناس کے دام میں اضافہ کے ساتھ نئی قیمتیں مقرر کی جائیں، ورنہ ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔خوراک کے ساتھ کفن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ پھولوں کی پتیوں کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔ مردانہ کفن سلا ہوا 1200روپے سے بڑھ کر 2100روپے اور زنانہ کفن سلا ہوا 1300روپے سے بڑھا کر 2200سے 2500روپے کر دیا گیا ہے۔ قبروں پر ڈالنے والے خشک پھول اور چادر بھی 200روپے سے بڑھ کر 500سے ایک ہزار روپے تک ہوگئی۔دوسری جانب شادی، ولیمہ، مہندی، سیاسی و سماجی تقریبات ختم ہونے سے پھولوں کے ہار، گجرے، پھولوں کی پتیوں اور مالا کی قیمت کم ہوگئی۔ گلاب کے پھولوں کی پتیاں 400روپے کلو سے کم ہوکر صرف 100روپے کلو ہوگئیں جبکہ گلاب کے پھولوں کا ہار صرف 10روپے، گجرے 8سے 10 روپے اورمالا کی قیمت 15روپے ہوگئی ہے۔
قبر مہنگی