سارک اجلاس میں معاون خصوصی کے بیان پر بھارتی ردعمل مسترد

سارک اجلاس میں معاون خصوصی کے بیان پر بھارتی ردعمل مسترد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی سارک کانفرنس میں تبصرے پر سیاست کو مسترد کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سارک کے رکن ممالک کی ویڈیو کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا کے تبصرے کے رخ کو موڑنے کی بھارتی وزارت خارجہ کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈاکٹر ظفر مرزا کے تبصرے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کی کوششیں گمراہ کن ہیں، ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے تناظر میں مقبوضہ جموں اور کشمیر میں ہیلتھ ایمرجنسی کی طرف توجہ مبذول کروائی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ظفر مرزا نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلات پر پابندیوں کو ختم کرنے اور طبی سامان کی رسائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا، اس حوالے سے نہ صرف پاکستان بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت سمیت دنیا بھر سے متعدد آوازیں اٹھ رہی ہیں۔سارک ممالک کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کہا گیاکہ کوویڈ 19 پر سارک کے رکن ممالک کی ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کا مقصد رکن ممالک سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ اپنے ردعمل میں کہا کہ جنوبی ایشیا کے عوام بخوبی واقف ہیں کہ کون سا ملک سارک کے عمل کو سیاسی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مناسب وقت پر سارک کے وزرائے صحت کی کانفرنس کی میزبانی کے لیے اپنی تیاری کی تصدیق کردی ہے۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرونا سے متعلق اپ ڈیٹس مشن کے ذریعے پہنچ رہی ہیں، کرائسز مینجمنٹ یونٹ روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کریگا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کوفعال کر دیا گیاہے۔ مشکل وقت میں عوامی آگاہی اور سیفٹی کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس چیلنج پر صرف اجتماعی کوششوں سے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام میکنزم اور سسٹم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ دفتر خارجہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مختار ناموں کی تصدیق کے سوا تما قونصلر سروسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ امور نے خصوصی سیکرٹری کی نگرانی میں کرونا وائرس سے متعلق تعاون کی غرض سے کرائسز مینجمنٹ یونٹ بھی قائم کر دیا ہے۔
سارک اجلاس

مزید :

صفحہ اول -