صدر ٹرمپ نے جی سیون اجلاس منسوخ کردیا

  صدر ٹرمپ نے جی سیون اجلاس منسوخ کردیا

  



واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف)صدر ٹرمپ نے اپنی سرکاری تفریح گاہ کیمپ ڈیوڈ میں جون کو ہونے والے جی سیون اجلاس کو منسوخ کردیا۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جڈڈیرے نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور اب اس کی بجائے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ ہوگا۔ جی سیون سات مغربی صنعتی ممالک کی تنظیم ہے جس میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکہ شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق فرانس کے صدر عمینوئل میکرون نے سوموار کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صدر ٹرمپ سے جی سیون کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ رواں سال اس تنظیم کی قیادت صدر ٹرمپ کے پاس ہے جو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں چونکہ اس وقت دنیا کو کرونا وائرس اور اس کے باعث اقتصادی مندے کا سامنا ہے اس لیے اس تنظیم کے لیڈر ماہانہ بنیاد پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے آپس میں تبادلہ خیال کرتے رہیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس کے اقتصادی مشیر نے اس تنظیم میں اپنے ہم منصبوں سے رابطہ کرکے انہیں اس تبدیلی سے آگاہ کردیا ہے اور انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اس کانفرنس کے وسائل کو کرونا وائرس اور اقتصادی مندے پر قابو پانے کے لیے استعمال کریں۔

اجلاس منسوخ

مزید : صفحہ اول