سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اندرون ملک پروازیں بند کرنے کا فیصلہ

      سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اندرون ملک پروازیں بند کرنے کا فیصلہ

  



جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدبیر کے طور پر ملک میں ٹرینوں، بسوں اور ٹیکسیوں سمیت اندرون ملک پروازوں کو 14 دن کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا،پابندی سے ہفوف اور عبقیق کے راستے سے چلنے والی ریاض دمام ٹرین سروس اور ریاض سے الجوف سروس براستہ المجمہ، القصیم اور حائل کے علاوہ حرمین ایکسپریس ٹرین بھی متاثر ہو گی۔ تجارتی سامان کی نقل وحمل کیلئے کنگ عبد العزیز بندرگارہ اور ریاض میں ڈرائی پورٹ کے درمیان چلنے والی مال بردار ٹرین اور سعودی ریلوے کمپنی ”سار“کی ٹرین کو اجازت ہوگی۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے گزشتہ روز وزارت داخلہ کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مذکورہ پابندی کا اطلاق آج صبح 6 بجے سے ہوگا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اگلے 14 دن تک صرف فلاحی اور ضروری معاملات جیسے کہ طبی انخلاء کیلئے ہی چلائی جانے والی پروازوں کو اجازت ہوگی بشرطیکہ انہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اجازت نامہ جاری کیا گیا ہو۔سرکاری ایجنسیوں یا صحت سے متعلق سہولیات فراہم کرنے والے سرکاری اور نجی اداروں کی بسیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔اس کے علاوہ اپنے ملازمین کو لانے اور لے جانے والے تجارتی اداروں، یا صحت اور فلاحی مقاصد کیلئے بسیں استعمال کرنے والے افراد پر بھی اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔سعودی پریس ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ بس اور ٹیکسی ڈرائیورز معطلی کے حکم کی تعمیل کرنے کے پابند ہیں۔دوسری جانب سعودی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں اب تک کرونا کے 274 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ تاحال کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی۔

سعودی عرب

مزید : صفحہ اول