فواد چودھری نے خود کو 3دن کیلئے آئسولیشن میں رکھنے کا علان کردیا

  فواد چودھری نے خود کو 3دن کیلئے آئسولیشن میں رکھنے کا علان کردیا

  



نیویارک،اسلام آباد (مانیٹرنگ، آئی این پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے خود کو تین دن کے لئے آئسو لیشن میں رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فواد چودھری گزشتہ دنوں امریکا کے دورے پر تھے، انہوں نے وطن واپسی پر فیصلہ کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے۔ اس کے پیش نظر انہوں نے خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ امریکا سے واپسی پر میں 3 دن کیلئے آئسولیشن میں رہوں گا۔ اس بات کا اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کیا۔اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے اٹلی میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور اموات پر تیزی سے اضافے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس الفاظ نہیں کہ اس دکھ کی گھڑی پر اپنے جذبات بیان کر سکوں۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اس دکھ اور سانحے پر پاکستان کے عوام اٹلی کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ یہ وقت گزر جائیگا اور اٹلی کے عوام کے حوصلے اور عزم کی داستان تاریخ میں ایک بار پھر لکھی جائیگی۔ خدا آپ کا حوصلہ بلند رکھے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹنگ کٹس کی تیاری آیندہ ہفتے سے شروع ہو جائے گی۔ نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ دیہاڑی دار مزدوروں کو مالی پیکج دیں گے۔

فواد چودھری

مزید : صفحہ اول