وزیراعلٰی کرونا کیخلاف جہادم میں مصروف، ابھی سیاسی جنگ بند رہے گی: فیاض چوہان

وزیراعلٰی کرونا کیخلاف جہادم میں مصروف، ابھی سیاسی جنگ بند رہے گی: فیاض ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جاوید اقبال) پنجاب کے وزیر اطلاعت و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کرونا وائرس کے خلاف جنگ کو جہاد سمجھ کر لڑ رہے ہیں اور اپنے عوام کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔لاک ڈاؤن عوام کو کرونا سے بچانے کے لیے کیا جا رہا ہے اس دوران غریب طبقہ اور دیہاڑی دار مزدوروں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کی حکمت عملی طے اور منصوبی بندی کر لی گئی ہے۔پنجاب بیت المال،این جی اوز،چیمبر آف کامرس اور مخیر حضرات کی مدد سے ہر ضرورت مند جو کرونا وائرس سے متاثر ہوا ان کے گھر پر ریلیف فراہم کریں گے۔اس وقت تمام لیڈر شپ سیاسی،عسکری،اپوزیشن،دینی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور کرونا وائرس کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ میرے قائدین وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف اپوزیشن کوئی بات کرے تو میں انہیں ہمہ وقت اینٹ کا جواب پتھر سے دیتا ہوں مگر گزشتہ دس دنوں سے یہ جنگ روک رکھی ہے اور عوام کے وسیع تر مفاد میں اب صرف کرونا سے جنگ ہو گی۔وہ گزشتہ روز روزنامہ ”پاکستان“ کو انٹرویو دے رہے تھے،اس موقع پر پاکستان بیت المال کے چیئرمین اعظم ملک بھی موجود تھے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے عین مطابق کرونا وائرس کے خلاف ہر محاذ پر جنگ شروع کر رکھی ہے۔عثمان بزدار پنجاب کی تاریخ کے سب سے زیادہ کامیاب، اعلیٰ تعلیم یافتہ عوامی اور سیاسی سوچ کے حامل اور شریف النفس وزیر اعلیٰ ہیں۔مقامی انگلش اخبار کے لکھاری نے ان سے کرونا وائرس کے حوالے سے غلط بیان منسوب کرکے سیاہ صحافت کی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کرونا وائرس کی روک تھام اور علاج معالجہ و دیگر احتیاطی اقدامات کے حوالے سے تمام اہم فیصلے کیے ہیں جن پر عملدرآ مد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں عالمی ادارہ صحت کے ایس او پیز کے مطابق انتظامات کیے گئے ہیں۔مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے آئسولیشن رومز اور وارڈزقائم کر دئیے گئے ہیں جو ڈاکٹرز،نرسیں اور پیرامیڈیکل سٹاف فرائض سر انجام دیں گے ان کی ٹریننگ بھی کی جائے گی اور انہیں تمام سازو سامان بھی مہیا کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھوٹی بات نہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس مشکل حالات میں کام کرنے والے ڈاکٹرز،نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو اپنا ہیرو قرار دیا ہے اور ڈیلی ویجز ملازمین اور ڈاکٹروں کے مسائل کو اپنے مسائل قرار دیا ہے،ایسا کوئی بڑا لیڈر ہی کر سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کرونا وائرس کے حوالے سے فرنٹ فٹ پر کھڑی ہے او ر اقدامات کرکے ایک عوامی حکومت کا ثبوت فراہم کر رہی ہے۔ 3جنوری سے وزیر اعلیٰ پنجاب انتہائی ذمہ دار لیڈر کا کردار ادا کرتے ہوئے کرونا کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ پنجاب حکومت خورو نوش کی سپلائی میں کوئی کمی نہیں آنے دے گی۔پنجاب حکومت اپنے عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وہ قدم اٹھائے گی جو ضروری ہوا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے صرف اتنی اپیل ہے کہ ان کی حکومت کرونا سے بچانے کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہے وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نا نکلیں اورعوامی اجتماعات میں جانے سے پرہیز کریں۔ عوام کرونا وائرس کیخلاف لمبی جنگ کے لیے خود کو تیار رکھیں اللہ کرے اس وباء سے جلد جان چھٹ جائے تو لاک ڈاؤن ختم کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹیں،سینما،شادی ہال،پلازے شوق سے بند نہیں کروائے عوام کی زندگیاں بچانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے اب مارکیٹیں دس بجے بند کروئی جا رہی ہیں اگر وباء بڑھی تو ٹائم چھ بجے پر لے آئیں گے،اس سے کام آگے گیا تو مجبورا عارضی اور وقتی طور پر بند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی لیڈر شپ،میڈیا مالکان اور میڈیا ورکرز کے امتحان کا وقت ہے۔نا اب سیاست ہونی چاہیے اور نا ہی بریکنگ نیوز کے چکر میں غلط رپورٹنگ۔ اس مشکل دور میں بھی سندھ حکومت کے بعض وزراء سیاسی پوائنٹ سکورننگ سے بعض نہیں آرہے لیکن ہم صبر سے کام لے رہے ہیں ان کو ہم کہتے ہیں کہ کرونا کے خلاف جنگ جیتنے تک اپوزیشن سے سیاسی جنگ بند رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھبرائیں نہیں ان کی حکومت جاگ رہی ہے اور اس مشکل وقت میں ان کی صحت کے حوالے سے مشکل فیصلے بھی کر رہی ہے،پنجاب بڑے بھائے کا کردار ادا کرتا رہے گا۔یہاں تک کہ ہم بلوچستان،سندھ،کے پی کے،گلگت بلتستان کی بھی مدد کریں گے۔علاوہ ازیں فیاض الحسن چوہان نے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں 40آئسولیشن وارڈز قائم کئے جا چکے ہیں۔ بزدار حکومت نے آٹھ سو سے زائد بیڈز پر مشتمل تین قرنطینہ ہسپتال قائم کرکے آئسولیشن وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف کو حفاظتی سوٹ اور کٹس مہیا کر دی ہیں۔ فہد حسین کی جانب سے وزیراعلی پنجاب پر بے جا تنقید کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ سب سے بڑے صوبے کے ذمہ دار چیف ایگزیکٹو کے خلاف بے بنیاد الزامات کی کسی کو اجازت نہیں دے جائے گی۔اس وقت سیاست اور صحافت کے شعبے کو سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -