پاکستانی عوام کرونا کو سنجیدہ نہیں لے رہی، ایران میں انسانیت مررہی ہے دنیا فوری پابندیا ں ہٹائے، شاہ محمود قریشی

  پاکستانی عوام کرونا کو سنجیدہ نہیں لے رہی، ایران میں انسانیت مررہی ہے دنیا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلف آئسولیشن،ہیلتھ پروٹوکول کو فالو کرنے کیلئے ضروری ہے، معمول کے دفتری کام گھر سے سر انجام دے رہا ہوں،ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے ایک اجتماعی حکمت عملی کی ضرورت ہے، بذریعہ ٹیلی فون میری سیکرٹری خارجہ سے بات ہوئی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے، دفتر کے سٹاف کو کم سے کم رکھا جائے اور باقی سٹاف جو پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے روزانہ دفتر آتا ہے انہیں گھر بیٹھ کر فرایض سر انجام دینے کی ترغیب دی جائے۔ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ ہر ادارے کو اس طرح کے چھوٹے چھوٹے حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے،ہمیں یہ بات مدنظر رکھنی چاہیے کہ کوئی صوبائی یا وفاقی حکومت، کوئی کنبہ، کوئی فرد اس چیلنج کا تنہا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، مل کر اس چیلنج کا سامنا کرنا ہو گا،ہم پہلے سے یہی کہہ رہے ہیں کہ یہ وقت سیاست اور اختلافات کا نہیں ہے، سیاست کرنے کے لئے بہت وقت پڑا ہے۔ اس وقت سیاسی قائدین کی طرف سے قومی بیانیے کی بات انتہائی مناسب بات ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیکریٹیریٹ میں لوگوں کی آمد کو محدود کرنے کے احکامات دئیے ہیں جو انتہائی مناسب اقدام ہے،حکومت، عوام سے بار بار اپیل کر رہی ہے کہ اپنی نقل و حرکت کو محدود کیا جائے اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ عوام کو میڈیا کے ذریعے درخواست کی جا رہی ہے کہ گھروں پر رہیں،سکولوں میں چھٹیاں بھی اسی مقصد کے تحت دی گئیں لیکن اگر والدین بچوں کو ریستورانوں یا پارکوں میں لے کر جائیں گے تو حکومت کی کاوش رائیگاں چلی جائے گی۔انہوں نے کہا چین کی کامیابی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ان کی حکومت نے اس وبا سے نمٹنے کے لئے جو جو احکامات دئیے چینی عوام نے من و عن ان پر عمل کیا۔یہ غیر معمولی حالات ہیں دنیا نے اس طرح کی صورتحال کا سامنا پہلی دفعہ کیا ہے،ہمیں سمجھنا ہو گا کہ یہ ایک عالمی آفت ہے جس کے نتیجے میں اموات دس ہزار کو چھو رہی ہیں،ہمارا کلچر تھوڑا سا مختلف ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے لوگ ابھی تک اس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے لیکن اگر ہم حفاظتی ہدایات کی پیروی نہیں کریں گے تو ہم اپنے لوگوں کو اور اپنے خاندان کو خطرات سے دو چار کریں گے۔ انہوں نے کہا آج 173 سے زیادہ ممالک اس وبا سے متاثر ہیں آپ سپین، اٹلی، برطانیہ امریکہ اور دیگر یورپی ممالک کو دیکھ لیں ان کے وسائل ہم سے زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ہاں ہم سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں،میں میڈیا کی وساطت سے وزیر اعظم عمران خان کے مطالبے کو بطور وزیر خارجہ دہراتے ہوئے کہوں گا کہ ایران پر جو پابندیاں لگی ہوئی ہیں انہیں فوری اٹھایا جائے وہاں اموات بہت تیزی سے ہو رہی ہیں۔ایران کے وزیر خارجہ بھی کہہ رہے ہیں کہ پابندیوں کی وجہ انہیں اپنے ملکی وسائل بھی استعمال کرنے میں دقت پیش آ رہی ہے، یہ انسانیت کا مسئلہ ہے ہمارے ہزاروں پاکستانی بھی ایران میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں واپس آنا ہے لہٰذا ہماری درخواست ہے کہ ان پابندیوں کو فوری اٹھایا جائے۔
شاہ محمود قریشی

ْ

مزید :

صفحہ اول -