اللہ پر توکل،ذکر و اذکار سے کرونا سے بچ سکتے ہیں،علماء

اللہ پر توکل،ذکر و اذکار سے کرونا سے بچ سکتے ہیں،علماء

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں کورونا وائرس سے کے حوالے سے شعور بیدار کرنے اور احتیاطی تدابیر کے موضوع پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے۔ علماء،خطباء نے جمعہ کے خطبات میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پر توکل، ذکر و اذکار، عبادت اور انفرادی و اجتماعی طور پر اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔آج مشرق و مغرب میں خوف اور دہشت کا عالم ہے۔ اس خوف اور دہشت کو امید اور یقین میں بدلنے کیلئے رجوع الی اللہ کی اشدضرورت ہے۔ خوف وہراس کی صورتحال سے نکلنے کیلئے اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کیا جائے۔ حضور اکرم ﷺ کی سنتوں کو زندہ کیا جائے۔دین اسلام پاکیزگی و طہارت کا درس دیتا ہے۔

اسی لئے تو صفائی و پاکیزگی کو نصف ایمان کہا گیا ہے۔عوام کوکورونا وائرس سے خوفزدہ اور دہشت زدہ ہونے کی بجائے اپنے جسم وجان کو پاک صاف اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی طرف توجہ دینی چاہئے۔مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مرکزی علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز فاروقی،وائس چیئرمین مولانا عبید الرحمن ضیاء،مولانا یار محمد عابد، پیر جی خالد محمود قاسمی، حافظ محمد شعبان صدیقی،حافظ شعیب الرحمن،مولانا عبد المنان عثمانی،مولانا شبیر احمد عثمانی،حافظ محمد امجد،مولانا خالد محمود سرفرازی، حافظ محمد طیب قاسمی، میاں محمد طیب ایڈووکیٹ،علامہ حفیظ الرحمن کشمیری،مفتی حفظ الرحمن بنوری سمیت ودیگر مرکزی و صوبائی اور ضلعی رہنماؤں نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ رجوع الی اللہ بھی ضروری ہے۔ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کا عہد کریں۔ حکومت کورونا وائرس سے متعلق خوف وہراس پھیلانے والوں کیخلاف سخت ایکشن لے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے عوام کی رہنمائی کیلئے مرکزی علماء کونسل پاکستان منبر ومحراب کے ذریعے اپنا کردار اداکررہی ہے۔ پاکیزہ زندگی ہی وباؤں سے نجات کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی نجات ہے۔کورونا وائرس سمیت تمام مصیبتوں سے نجات صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہی دے سکتی ہے۔ بطور مسلمان کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا خصوصاً صفائی کا اہتمام لازم ہے۔محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ نے مسلمانوں کو اللہ تعالی سے عافیت کی دعا مانگنے کی تعلیم فرمائی ہے۔