ایس آئی یو ٹی میں آٹھ مشتبہ افراد کے کورونا ٹیسٹ لئے گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورلوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی)میں جمعہ کو 8مشتبہ مریضوں کے کورونا وائرس کیلئے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔واضح رہے سندھ گورنمنٹ نے کورونا وائرس کی کٹس گزشتہ روزروز ایس آئی یو ٹی کو فراہم کی گئیں تھیں۔ایس آئی یوٹی کے ترجمان کے مطابق ان آٹھ مریضوں میں سے دو مریض آسٹریلیا اور سنگاپور سے آئے ہوئے ہیں۔ باقی چھ مریضوں نے کوئی سفر نہیں کیا۔ بلکہ ان میں بیماری کی علامات تھیں جس کے باعث ان کے ٹیسٹ کئے گئے۔ جن کے نتائج آنے باقی ہیں۔ایس آئی یوٹی میں ٹیسٹ کرنے کی سہولت چوبیس گھنٹے بالکل مفت فراہم کی جارہی ہے۔ اسی دوران آئسولیشن وارڈ اور اسکریننگ کی سہولیات بھی ادارے میں مہیا کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی ہمیشہ تکلیف دہ مواقعوں پر قوم کی خدمت میں پیش پیش رہا ہے جیسا کہ ماضی میں زلزلہ اور سیلاب کی تباہ کاریوں میں اپناکردار ادا کرتا رہا ہے