جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے،آئی جی

جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے،آئی جی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری قانونی کاروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوران ڈکیتی قتل اور زخمی ہونے کے واقعات کے مقدمات کی تفتیش کی نگرانی ڈی پی اوز خود کریں جبکہ خواتین اور بچوں کے ساتھ بد اخلاقی کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیل کیا جائے،تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی میں کوئی تاخیر نہ ہوسکے،انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں جرائم پیشہ افراد اور بدمعاشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تعطل نہ آئے اورآر پی اوز اور ڈی پی اوز اشتہاری ملزمان کو پابند سلاسل کر نے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی خود نگرانی کریں، انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز اپنے زیر انتظام اضلاع کے افسروں بالخصوص سرکل افسران کی کارکردگی کے حوالے سے تجزیاتی رپورٹ ماہانہ بنیادوں پر سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کرائم میٹنگ کے د وران صوبے کے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں صوبے میں امن و امان،کرائم کی مجموعی صورتحال،پولیس ٹیموں کی کارکردگی اور کورونا وائر س سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے اپنے ریجنز اور اضلاع میں سنگین کرائم کے گراف اور پولیس ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے آئی جی پنجاب کو آگا ہ کیا جس پر آئی جی پنجاب نے انتظامی امور میں بہتری اور کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ بھر میں اشتہاری ملزمان، عدالتی مفروروں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور بڑے بدمعاشوں اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے ڈی پی اوز کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں بالخصوص تعلیمی اداروں کے گرد منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے اور جہاں کہیں کوئی پولیس افسر یا اہلکار منشیات فروشوں کی پشت پناہی میں ملوث پایا جائے تو اسے نشان عبرت بنا دیا جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرکے ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے ملزمان بھی کسی رعائیت کے مستحق نہیں لہذا ایسے من چلوں کی گرفتاری کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے اور ڈی پی اوز اس بات کوبھی یقینی بنائیں کہ ہوائی فائرنگ سمیت کسی بھی جرم میں استعمال ہونے والے لائسنسی اسلحہ کی منسوخی کی کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن وامان برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ پولیس فورس کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہونے والے انسدادی اقدامات میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لے اور آرپی اوز، ڈی پی اوز اس حوالے سے نہ صرف فورس کو آگاہی دیں بلکہ اس وبا کے خلاف جنگ میں شہریوں کی ہر ممکن راہنمائی اور تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں اگر کسی افسر یا اہلکار میں علامات ظاہر ہو تو اسے ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی تمام پولیس لائنز، دفاتر، یونٹ ہیڈکوارٹرز سمیت تھانوں میں دفتری امور کی انجام دہی کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے جبکہ مہنگے ماسک اور ہینڈسینیٹائزربیچنے یا انکی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے تاکید کی کہ پولیس افسران واہلکار دوران ڈیوٹی خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے جاری کی گئی ہدایات کی ہرصورت پاسداری کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل داری کرتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیں۔کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی اظہر حمید کھوکھر، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس راؤ سردار،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ غلام رسول زاہد، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ زعیم اقبال شیخ،ڈی آئی جی کرائم جواد ڈوگر،آر پی او گوجرانوالہ، ریاض نذیر گاڑھا، ڈی آئی جی آئی ٹی غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آئی اے بی، عمران محمود، ڈی آئی جی ٹریننگ، سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، خرم علی شاہ اورڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، سہیل اختر سکھیرا سمیت سنٹرل پولیس آفس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔

مزید :

علاقائی -