بھارت، چلتی بس میں بداخلاقی، قتل کیس کے 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی
نئی دہلی(آئی این پی) بھارت میں تہلکہ مچانے والے نربھیا بد اخلاقی کیس کے مجرموں کو 7سال بعد پھانسی دے دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مجرم اکشے ٹھاکر، وینے شرما، پون گپتا اور مکیش سنگھ کو ٹرائل کورٹ نے 2013میں پھانسی کی سزا سنائی تھی جہیں بلآخر طویل مدت کے بعد نئی دہلی میں پھانسی دیدی گئی۔ بھارت میں 2015کے بعد یہ کسی بھی کیس میں مجرموں کو پھانسی دینے کا پہلا واقعہ ہے۔ملزموں کو صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی پر لٹکایا گیا اور اس موقع پر نئی دہلی میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ تہاڑ جیل کو پوری طرح لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا۔ پھانسی سے چند گھنٹے قبل مجرموں کے وکیل نے نئی دہلی ہائیکورٹ میں ایک اپیل بھی دائر کی جس میں کرونا وائرس کی وجہ سے تمام دستاویزات جلدی میں جمع کرانے کا حوالہ دیا گیا۔ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی سے قبل مجرموں کو الگ سیل میں رکھا گیا تھا جہاں انہوں نے کھانا کھانے اور آخری خواہش بتانے سے بھی انکار کردیا۔مجرموں کی پھانسی کے بعد بد اخلاقی کا نشانہ بننے والی طالبہ کی والدہ نے کہا کہ ہم نے اس دن کے لیے طویل انتظار کیا، آج بھارت کی بیٹیوں کے لیے ایک نئی صبح طلوع ہوئی ہے، اب ہم اپنے گھر میں نربھیا کی تصویر آویزاں کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں میڈیکل کی 23سالہ طالبہ سے اجتماعی زیادتی کا یہ واقعہ 2012میں پیش آیا تھا جس میں مجرموں نے لڑکی سے چلتی بس میں زیادتی کے بعد اسے قتل کردیا تھا۔
پھانسی