طلبہ و طالبات حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں،پروفیسر نیاز

طلبہ و طالبات حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں،پروفیسر نیاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (لیڈی رپورٹر)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے طلباء و طالبات کو نصیحت کی ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاوٗ کو روکنے کیلئے میڈیا کے ذریعے ملنے والی حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور سابق طلباء و طالبات کو ایک ای میل کی ہے۔

اپنی ای میل میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام سے لے کر ملک کو پیش آنے والے مختلف بحرانوں اور مسائل میں طلبا و طالبات نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور اپنے عزم و ہمت سے بہادری کی نئی داستانیں رقم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا سمیت پاکستان کو جس سنگین مسئلے کا سامنا ہے، ایک مرتبہ پھر طلباو طالبات کے کندھوں پر ایک قومی اور اخلاقی ذمہ داری آن پڑی ہے کہ وہ اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کر کے تاریخ میں ایک بار پھر اپنا نام سنہری حروف سے رقم کریں۔انہوں نے کہا کہ ایک پڑھے لکھے اور تعلیم یافتہ شہری کی حیثیت سے آپ پر لازم ہے کہ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اپنا سماجی، اخلاقی، مذہبی اور قومی فرض نبھائیں اور اس بحران سے نمٹنے کے لئے اپنے عزیز و اقارب اور گرد و نواح کے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں اور جس حد تک ممکن ہو ان کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے ملنے والی حکومتی ہدایات کو لوگوں تک پہنچانے اور ان پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یاد رکھئے، ہمیشہ قومیں ایسے بحرانوں میں کامیابی سے نکل پاتی ہیں جو عزم، ہمت اوربہادری سے مسائل کا مقابلہ کرتی ہیں۔پروفیسر نیازا حمد نے کہا ’مجھے یقین ہے کہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود کی خاطر آپ اس کارِ خیر میں بھرپور حصّہ لیں گے‘۔