حیدر آباد، کمشنر عباس بلوچ کا قرنینہ مرکز اور کوہسار ہسپتال کا دورہ

حیدر آباد، کمشنر عباس بلوچ کا قرنینہ مرکز اور کوہسار ہسپتال کا دورہ

  



حیدرآباد(بیورورپورٹ)کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ٹنڈو محمد خان روڈ پر محکمہ لیبر کے1504فلیٹوں میں قائم قرنطینہ مرکز اور کوہسار ہسپتال میں آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مسعود جعفری سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ساتھ تھے۔کمشنر محمد عباس بلوچ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ پہلے فیز میں محکمہ لیبر کے 1504فلیٹوں میں سے 128فلیٹوں کو جتنی جلدی ہو سکے تمام مطلوبہ سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ ہمارا ٹارگٹ ان تمام فلیٹوں میں یہ سہولتیں فراہم کرنا ہے کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ ہمیں آگے کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی جانب سے بھرپور تیاری رکھیں، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا میں حالات نارمل نہیں ہیں اور ایمرجنسی کی صورتحال ہے لہٰذا افسران و عملہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اس قومی مقصدکیلئے تندہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں، انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی کو ہدایت دی کہ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ باہمی رابط رکھتے ہوئے اپنی نگرانی میں قرنطینہ سینٹر کے تمام فلیٹوں میں پانی، بجلی، پنکھے و دیگر سہولتوں کی فراہمی کو جلد از جلد ممکن بنائیں، انہوں نے متعلقہ افسران و عملے کو سختی سے ہدایت دی کہ 24گھنٹے قرنطینہ سینٹر میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنے فرائض انجام دیں اور جتنی جلدی ممکن ہو سکے کام مکمل کریں۔بعد ازاں کمشنر و ڈپٹی نے کوہسار ہسپتال کا دورہ کیا جہاں 100بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ قائم کیا جا رہا ہے، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ آئیسولیشن وارڈ کے ضمن میں تمام تر ضروری انتظامات مکمل کریں اور اسٹاف کی تربیت کو بھی یقینی بنائیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر