اپوزیشن جماعتیں اور حکومت ملکر قوم کو کورونا وائرس کی مشکل سے نکالیں: مولانا فضل الرحمن 

اپوزیشن جماعتیں اور حکومت ملکر قوم کو کورونا وائرس کی مشکل سے نکالیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں اپوزیشن کی تمام جماعتیں اور حکومت ملکر قوم کو کورونا وائرس کی مشکل سے نکالیں، انہوں نے جمعیت علمائے اسلام اورتمام اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور عوام الناس میں کورونا وائرس کے متعلق آگاہی مہم چلائیں۔ وہ جمعہ کے روز ڈیرہ اسماعیل خان سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد سے گفتگو کررہے تھے۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے تمام مساجد کے خطبہ، مدارس کے مہتمم اور علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، مولانا فضل الرحمن نے انصاالاسلام کے رضاکاروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے جو بھی فرائض طے ہو ان کو بھرپور انداز میں ادا کریں، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت حکومت کا فرض تھا کہ اس حوالے سے قوم کو متحد رکھنے کے لیے عملی اور مخلصانہ اقدام کرتی لیکن اس کے باوجود جمعیت علمائے اسلام اس مرحلے پر آگے بڑھ رہی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام کو اس وباء سے محفوظ رکھا جائے اور اس حوالے سے تمام تر اقدامات میں جمعیت علمائے اسلام اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں تعاون کریں گی، انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد پہنچ کر جلد اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -