کورونا:طبی سامان اور مشینوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں چھوٹ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے درکار ضروری طبی سامان اور مشینوں کی درآمد پرعائد سیلز ٹیکس ڈیوٹی میں چھوٹ دے دی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اس کا مقصد کورونا وائرس کے علاج سے متعلق سامان کی آسان اور کم قیمت پر خریداری کو ممکن بنانا ہے۔ایف بی آر ترجمان کے مطابق اس ضمن میں باقاعدہ تین ایس آراوز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق طبی سامان کی درآمد پرعائد انکم ٹیکس، کسٹمز اورریگولیٹری ڈیوٹی میں بھی چھوٹ دی گئی ہے۔ایف بی آر ترجمان کے مطابق ٹیکسوں کی ادائیگی میں تین ماہ کی چھوٹ دی گئی ہے۔
کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان اس وقت تشخیصی کٹس اوروینٹی لیٹرز سمیت دیگر ضروری ساز و سامان کی خریداری کے لیے بین الاقوامی مارکیٹوں سے رابطے کررہا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ پاکستان نے اس وقت چین کے سفیر کی مدد سے 800 وینٹی لیٹرز کی بکنگ کرا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت وینٹی لیٹرز کی قلت ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی گزشتہ دنوں جناح ہسپتال کراچی کو مزید وینٹی لیٹرز خرید کر دینے پہ مشاورت کرچکے ہیں۔