متحدہ عرب امارات میں ایک ایشیائی اور عرب شہری کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا ، کہاں سے آئے تھے ؟ تفصیلات جاری

متحدہ عرب امارات میں ایک ایشیائی اور عرب شہری کورونا کے باعث زندگی کی بازی ...
متحدہ عرب امارات میں ایک ایشیائی اور عرب شہری کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا ، کہاں سے آئے تھے ؟ تفصیلات جاری

  



دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کورونا وائرس کے باعث اب تک پوری دنیا میں مجموعی طور پر دو لاکھ 75 ہزار 434 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 11 ہزار 399 لو گ جان کی بازی ہارچکے ہیں تاہم چین نے اس پر مکمل قابو پا لیاہے اور ملک میں کوئی بھی نیا کیس رجسٹرڈ نہیں ہواہے ۔ اس کے علاوہ پاکستان میں بھی کورونا کے تیزی کے سے بڑھتے ہوئے کیسز سامنے آ رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں اب تک کوروناکے 140 کیسز سامنے آ چکے ہیں جنہیں قرنطینہ کر دیا گیاہے تاہم اب متحدہ عرب امارات کی جانب سے کورونا سے ہونے والی دو اموات کی تصدیق کر دی گئی ہے اور اب تک 31 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی لوٹ چکے ہیں ۔ یو اے ای کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں بتایا گیاہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں ایک شخص کی عمر 78 سال جبکہ دوسرے کی 58 سال تھی ، ان میں سے ایک ایشیائی باشندہ تھا جبکہ دوسرا عرب کا شہری تھا ۔

وزارت صحت نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 78 سالہ عرب شہری یورپ سے وطن واپس پہنچا تھا جہاں اس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور اسے ہارٹ اٹیک ہوا جبکہ دوسرا جاں بحق ہونے والا شخص ایشیائی باشندہ تھا جسے کورونا وائرس کے علاوہ دل ، جگر سمیت دیگر کئی بیماریاں تھیں ۔ وزارت کی جانب سے جاںبحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیاہے اور کہاگیاہے کہ دونوں مریضوں کو ہسپتال میں متعلقہ علاج کی ہر سہولت فراہم کی گئی تھی ۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے شہریوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہاہے کہ قرنطینہ کی خلاف ورزی کرنے والے کو پانچ سال قید کی سزا ہو گی ۔

مزید : عرب دنیا