پاکستانی نوجوان ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک وہ بہترین صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں: ابوبکر آفندی

پاکستانی نوجوان ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک وہ بہترین صلاحیتوں کے مالک ہوتے ...
پاکستانی نوجوان ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک وہ بہترین صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں: ابوبکر آفندی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستانی نوجوان ملک کے اندر ہوں یا بیرون ملک وہ بہترین صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔ اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوان نے مختلف میدانوں میں اپنی لاحیت سے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ خاص طور پر کھیل کے میدان میں پاکستانی نوجوانوں نے ہر میدان میں احسن کارکردگی سرانجام دے کر جہاں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے وہاں ملک و قوم کا نام بھی روشن کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم یو اے ای کے صدر ابوبکر آفندی نے کرکٹ کے نوجوان کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کے انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ابوبکر آفندی نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرہ فروغ پاتا ہے جبکہ ہمارے نوجوانوں کو کھیل کے سلسلہ میں راہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم کے چیئرمین مسٹر فاروق کے گھر پر ہونے والی ایک تقریب میں یوتھ ونگ کی ایک کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انعامات اور اعزازی شیلڈیں دی گئیں۔ اس موقع پر غلام صدیق اعوان، سرفراز خان، اعظم فاروق اور یوتھ ونگ کے ارکان موجود تھے۔


شرکائے تقریب نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کمانے کے ساتھ ساتھ جو پاکستانی کھیلوں کے لئے وقت نکالتے ہیں اور اپنا نام بھی پیدا کرتے ہیں وہ لوگ قابل تحسین و آفرین ہیں۔ ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم یو اے ای کے ذمہ داران نے کہا کہ نوجوانوں کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لئے فورم ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس موقع پر کرکٹ ٹیم کی کامیابیوں اور بہترین پرفارمنس دینے والے کھلاڑیوں کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
ابوبکر آفندی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ہر ممکن امداد کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں کی ذہنی اور فکری صلاحتیں مزید کھل کر سامنے آئیں گی اور ان میں مثبت سوچ اور عمل کا جذبہ پیدا ہوگا۔ تعریفی اسناد اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی مبارکباد دی گئی اور ہزارے وال اوورسیز پاکستانی فورم کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔