وہ ملک جہاں کورونا وائرس کے آدھے کیسز ایک شادی میں شریک ہونے والے شخص کی وجہ سے ہوئے
مونٹے ویڈیو(مانیٹرنگ ڈیسک) ہمارے ہاں شادی بیاہ اور دیگر نوعیت کے اجتماعات پر پابندی لگائی گئی تو کس قدر لے دے ہوئی۔ اب جنوبی امریکہ کے ملک یوراگوئے سے ایک ایسی خبر آ گئی ہے کہ تمام لوگ اس پابندی کے قائل ہو جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق یوراگوئے میں اب تک کورونا وائرس کے 79کیسز سامنے آ چکے ہیں اور ان میں سے آدھے سے زیادہ لوگ ایک شادی کی تقریب میں وائرس سے متاثر ہوئے جہاں صرف ایک متاثرہ خاتون شریک ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق یہ متاثرہ خاتون 57سالہ فیشن ڈیزائنر کارمیلا ہونتو تھی جو سپین سے یوراگوئے پہنچی تھی۔ اسے بخار اور فلو تھا جب وہ شادی کی تقریب میں شریک ہوئی اور وہاں 44دیگر افراد کو بھی وائرس میں مبتلا کر دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان 44افراد سے آگے درجنوں مزید متاثر ہوئے ہوں گے اور ممکنہ طور پر ان کے آئندہ دنوں میں وائرس کی تشخیص ہو سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس شادی کی تقریب میں 500مہمان شامل تھے اور متاثرہ 44افراد کے ٹیسٹ کرنے سے ثابت ہو چکا ہے کہ ان تمام لوگوں کو ایک ہی شخص سے وائرس منتقل ہوا۔