کورونا وائرس نے پاکستانی دولہا کے باپ کو جیل پہنچا دیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر کراچی میں ایک دولہا کے والد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر شادی کی تقریبات کا انعقاد ممنوع ہے مگر اس دولہا کے والد نے ایک فارم ہاﺅس پر اپنے بیٹے کی دعوت ولیمہ منعقد کر ڈالی۔ ایس ایس پی ملیر علی رضا نے بتایا کہ یہ فارم ہاﺅس گلشن معمار میں واقع تھا۔ پولیس نے دولہا کے باپ کے علاوہ اس فارم ہاﺅس کے ایک ملازم کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
گزشتہ روز کورنگی میں چھاپوں کے دوران ایک جحام اور ایک ہوٹل کے مالکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ان لوگوں نے بھی پابندی کی خلاف ورزی کی اور بدستور کاروبار جاری رکھے ہوئے تھے۔کھارادر میں پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر مہنگے داموں سینی ٹائزرز کی اشیاءفروخت کرنے والے چار افراد سلیمان، فیضان، فاروق اور انور کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے سینی ٹائزرز کی 306بوتلیں بھی برآمد ہوئیں۔