”آپ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں اور۔۔۔“ وسیم خان نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق محمد حفیظ کو ’کرارا‘ جواب دیدیا، جان کر شرجیل خان بھی خوش ہو جائیں

”آپ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں اور۔۔۔“ وسیم خان نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں ...
”آپ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں اور۔۔۔“ وسیم خان نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق محمد حفیظ کو ’کرارا‘ جواب دیدیا، جان کر شرجیل خان بھی خوش ہو جائیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق محمد حفیظ کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں کیونکہ اسے معاملے سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا مکمل کرنے کے بعد پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی کی بحث اس وقت شروع ہوئی جب معروف سپورٹس صحافی عالیہ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”کیا آپ شرجیل خان سے متعلق وقار یونس کے مشاہدے سے متفق ہیں اور پھر سمجھتے ہیں کہ مہارت سے بھرپور کم فٹنس والے کھلاڑیوں کو بھی منتخب کرنا چاہئے؟ چلیں دلائل کیساتھ بحث کرتے ہیں۔“

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے دبے الفاظ میں قومی ٹیم میں ان کی واپسی کی مخالفت کرتے ہوئے لکھا ” کیا ہمیں پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے کسی بھی طرح کے ’ایکسٹرا ٹیلنٹ‘ کے بجائے عزت اور وقار کو ترجیح نہیں دینی چاہئے؟ میں تو بس پوچھ رہا ہوں۔“

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”میں اس حوالے سے ذاتی طور پر محمد حفیظ سے بات کروں گا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ وہ ایسے کسی عہد ے پر نہیں جو اس طرح کے بیانات دیں، دنیا میں کہیں بھی کوئی کھلاڑی ایسے نہیں کرتا تو پھر ہمارے پاکستانی کھلاڑی ایسا کیوں کریں؟ مجھے نہیں لگتا کہ وہ انہیں ایسا کرنے کی ذرا بھی سی اجازت ہے اور انہیں ایسا کرنا چاہئے، یہ میرا ذاتی خیال ہے۔ انگلینڈ کے ماحول کی بات کی جائے تو میں نے وہاں کسی بھی کھلاڑی کو پالیسیز، طریقہ کار، دیگر کھلاڑیوں یا پھر صحیح اور غلط کے بارے ٹویٹ کرتے نہیں دیکھا۔ میرا خیال یہ ہے کہ محمد حفیظ کو اپنے کھیل پر توجہ دینی چاہئے اور کرکٹ کے حوالے سے اپنی رائے دینی چاہئے لیکن دیگر کھلاڑیوں کے بارے میں ذاتی خیالات کا اظہار مت کریں۔“

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد حفیظ سے قبل قومی ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے بھی ایسا ہی بیان دیا تھا جن کا کہنا تھا کہ شرجیل خان فٹ نہیں ہیں اور انہیں قومی ٹیم میں واپسی کیلئے اپنی فٹنس پر بہت زیادہ کام کرنا ہو گا کیونکہ آج کل کے دور میں فیلڈنگ بہت اہم ہو گئی ہے بالخصوص آسٹریلیا میں، جہاں گراﺅنڈز کافی بڑے ہیں۔

مزید : کھیل