یورپ میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد نے حکومتوں کو ہلا کر رکھ دیا

یورپ میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد نے ...
یورپ میں کرونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری، ہلاکتوں اور نئے کیسز کی تعداد نے حکومتوں کو ہلا کر رکھ دیا

  



جنیوا (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرونا وائرس کے نئے مرکز یورپ میں اس وبا کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تیز تر ہوتا جارہا ہے، یورپ میں کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد جمعہ کو ہی 5 ہزار سے زیادہ ہوگئی تھی جس میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں 2 ہزار 705 کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 662 ہوگئی ہے۔ جرمنی میں کرونا وائرس کی وجہ سے 16 نئی اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 31 سے بڑھ کر 47 ہوگئی ہے۔

سپین میں کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 1002 سے بڑھ کر 1 ہزار 326 ہوگئی ہے۔ ہفتہ کے روز یہاں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 19 ہزار 980 سے بڑھ کر 24 ہزار 926 ہوگئی ہے۔

نیدر لینڈ میں کرونا وائرس کے 637 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 3 ہزار 631 ہوگئی ہے، 30 نئی اموات کے ساتھ نیدر لینڈ میں ہلاکتوں کی تعداد 136 ہوگئی ہے ، مرنے والوں کی عمریں 63 سے 95 برس کے درمیان ہیں۔

فرانس میں کرونا وائرس کی وجہ سے 12 ہزار 612 لوگ متاثر ہوئے ہیں جن میں ایک ہزار 300 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 450 ہوچکی ہے۔سوئٹزر لینڈ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 544 ہوگئی ہے اور اس کے باعث یہاں 56 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ برطانیہ میں اب تک 4 ہزار لوگ کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور یہاں اموات کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔ بیلجیم میں کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 815 ہے اور یہاں اس کی وجہ سے 67 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

جوہن ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 472 ہوچکی ہے، اب تک 92 ہزار 906 لوگ اس بیماری سے صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 11 ہزار 554 ہوچکی ہے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں یہ تعداد 4 ہزار 32 ہوچکی ہے۔ چین میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 255 ہے جبکہ ایران میں ایک ہزار 556 لوگ اس موذی مرض کے باعث زندگیاں گنوا چکے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی