’یہ اگر کا نہیں کب کا سوال ہے، جتنی تاخیر ہوگی ہمارے لیے اتنی مشکل ہوتی چلی جائے گی‘ بلاول نے ایک بار پھر لاک ڈاﺅن کا مطالبہ کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے ایک بار پھر لاک ڈاﺅن کا مطالبہ کردیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو لاک ڈاﺅن ضرور کرنا چاہیے، ہم لاک ڈاﺅن میں جتنی دیر کریں گے ہمارے لیے کرونا کے پھیلاﺅ کو سنبھالنا اتنا ہی مشکل ہوتا جائے گا۔ ہم پہلے ہی بہت دیر کرچکے ہیں حالانکہ ہمیں یہ بہت پہلے کردینا چاہیے تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی بھی صوبہ اس سے تنہا نہیں نمٹ سکتا اس لیے ہمیں لاک ڈاﺅن کرنے میں وفاقی حکومت کی مکمل حمایت درکار ہے، ٹیسٹوں کی رفتار تیز کرنا ہوگی اور ان لوگوں کی مدد کرنا پڑے گی جن کومدد کی ضرورت ہے۔
ہم اچھے کی امید کرسکتے ہیں لیکن ہمیں بدترین کیلئے بھی تیار رہنا ہوگا، اسی رفتار سے کیسز بڑھتے رہے تو ہمارا ہیلتھ سسٹم جواب دے جائے گا، ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنا چاہیے، یہ کب کا سوال ہے اگر کا نہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت تک گھروں میں رہیں جب تک حکومت کوئی فیصلہ نہیں کرلیتی ، اپنی اور دوسروں کی حفاظت کی خاطر گھروں میں رہیں۔