جعلی راجکماری مخالفین کا منہ توڑنے اور زبان کھینچنے کی بات کر کے اپنی اصل تربیت کے پول کھول رہی ہیں ، فردوس عاشق اعوان کا مریم نواز کا کرارا جواب

جعلی راجکماری مخالفین کا منہ توڑنے اور زبان کھینچنے کی بات کر کے اپنی اصل ...
جعلی راجکماری مخالفین کا منہ توڑنے اور زبان کھینچنے کی بات کر کے اپنی اصل تربیت کے پول کھول رہی ہیں ، فردوس عاشق اعوان کا مریم نواز کا کرارا جواب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری عدالتوں پر یلغار کرکے لانگ مارچ کا ٹریلر دکھانا چاہتی ہیں،مریم نواز کا جتھوں کی صورت میں عدالت پر چڑھائی کرنے کا ارادہ ایک طرف تو ان کی مایوسی کی انتہاکو ظاہر کر رہا ہے تو دوسری طرف ان کےاباجی کےاداروں پر یلغار کرنےکےسیاسی سٹائل کو دہرانے کی کوشش ہے،جعلی راجکماری مخالفین کامنہ توڑنےاورزبان کھینچنےکی بات کرکےاپنی اصل تربیت کے پول کھول رہی ہیں،فکر نہ کریں اس وقت ملک کاوزیراعظم عمران خان ہے،مریم کی ایسی تمام خواہشیں دل ہی میں رہ جائینگی اور قانون اپنا راستہ بناتے ہوئےمریم سمیت ہر کرپٹ اورٹھگ کو اس مقام پرپہنچائےگاجس کاوہ سزاوارہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوا ن نے کہاکہ مریم کی پیشی پر عدالت پر چڑھائی کرنے کا اعلان کرکےفضل الرحمان نے  لانگ مارچ کے درپردہ مقاصد سے بھی پردہ اٹھا دیا ہے،اداروں اور عدالتوں پر یلغار نون لیگ کی پرانی روایت ہے یہ لوگ اسی کو ہی جمہوریت کہتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کی عوام دشمنی اپنی آخری حدوں کو پہنچ چکی ہے،ایک طرف عوام کوکرونا کے ہاتھوں جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں  اور دوسری طرف مرحوم ہو جانے والی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم)  کے جسد خاکی پر لواحقین کی آہ و بکا اور واویلا ہے کہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے لانگ مارچ کواپنی انا کا مسئلہ بنا لیا  ہے کیونکہ وہ جانتے  ہیں کہ لانگ مارچ نہ ہوا تو ان کی سیاسی کشتی ہمیشہ کے لئے ڈوب جائے گی،پی ڈی ایم کا اتحاد پارہ پارہ ہو چکا،مریم نواز کی سینٹ میں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کی ضد اور اور پیپلزپارٹی کے بغیر لانگ مارچ کرنے کا عندیہ بتا رہا ہے کہ پی ڈی  ایم لخت لخت ہوچکی ہے،مولانا  آصف زرداری کے ترلے کر رہے ہیں کہ وہ باقی نو پارٹیوں کی بات مان جائیں  لیکن زرداری صاحب نے انہیں ٹھینگا دکھا دیا ہے،پی ڈی ایم کے معاملات اب مولانا تو کیا،کسی کے کنٹرول میں بھی نہیں رہے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی روایتی دشمنی سر چڑھ کر بول رہی ہے، مولانا کی آنیوں جانیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا،مریم کے پاپا جھوٹ موٹ کی بیماری کی آڑ میں پتلی گلی سے بیرون  ملک فرار ہو گئے ،ایسے بزدل باپ کی بیٹی کو  حکومت کو دھمکیاں دیتے  ہوئے شرم آنی چاہیے، پی ڈی ایم کا اتحاد اب رہے یا نہ رہے، اس کا ڈنگ نکل چکا ہے، حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔