مائنس بزدار مطالبے پر قائم ہیں ، ترین گروپ کا پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شرکت سے انکار

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ترین گروپ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس کا بائیکاٹ کر تے ہوئے کہا کہ مائنس بزدار مطالبے پر قائم ہیں ۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز "کے مطابق ترین گروپ نے باہمی مشاورت سے پنجاب کابینہ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ۔ عون چودھری نے کہا کہ مائنس عثمان بزدار کے مطالبے پر قائم ہیں ، عثمان بزدارکی زیرصدارت کسی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کابینہ میں ترین گروپ کے 2 وزرااور 4 مشیران شامل ہیں ، حکومت پنجاب کی جانب سےترین گروپ کے وزرا کو منانےکی کوششیں جاری ہیں ۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے ، صوبائی کابینہ کا 52 واں اجلاس 90 شاہراہ قائداعظم پر ہوگا، اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں
صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔